دنیا
Time 09 اپریل ، 2024

غزہ میں اسرائیلی فوج کے حملے جاری، مزید 30 سے زائد فلسطینی شہید

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

غزہ میں اسرائیلی فوج کے حملے جاری ہیں، کل سے اب تک مزید 30 سے زیادہ فلسطینی شہید ہوگئے۔

رپورٹس کے مطابق چارماہ کی پُرتشدد اسرائیلی کارروائیوں کے بعد وسطی خان یونس سے اسرائیلی فوج نے انخلا شروع کر دیا جس کے بعد فلسطینیوں کی بھی اپنے گھروں کو واپسی ہورہی ہے ۔

تاہم اسرائیلی بمباری سے ملبے کا ڈھیر بنے گھروں کی شناخت مشکل ہوگئی ہے۔

واضح رہے کہ 7 اکتوبر 2023 سے غزہ میں جاری اسرائیلی جارحیت کو 6 ماہ مکمل ہوگئے ہیں۔

عرب میڈیا کے مطابق غزہ جنگ21ویں صدی کی سب سے زیادہ تباہ کن جنگوں میں سے ایک بن چکی ہے، اس جنگ کے نتیجے میں بڑی تعداد میں شہری شہید اور زخمی ہوئے جبکہ غزہ کی 17 لاکھ آبادی (کل آبادی کا 70 فیصد) کو نقل مکانی کرنی پڑی۔

اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں غزہ میں خوراک سمیت بنیادی ضروریات کی شدید قلت پیدا ہوگئی ہے جبکہ بنیادی شہری انفرا اسٹرکچر بھی تباہ ہوگیا ہے۔

عرب میڈیا کے مطابق غزہ پر اسرائیلی حملوں میں اب تک 33 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہو چکے ہیں جن میں 13 ہزار سے زائد تعداد بچوں کی ہے۔

دوسری جانب اسرائیل نے جنگ روکنے اور اسرائیلی فوج کے غزہ سے انخلا سے انکار کر دیا ہے۔

مزید خبریں :