Time 12 اپریل ، 2024
جرائم

کراچی میں عید پر بھی ڈکیتی اور شہریوں کی ہلاکت کے واقعات، مزاحمت پر 2 بچوں کا باپ قتل

عید کے دوسرے روز گلشن اقبال چورنگی کے قریب فائرنگ کا واقعہ پیش آیا، مقتول کی شناخت 35 سال کے تراب زیدی کے نام سے ہوئی/ فائل فوٹو
عید کے دوسرے روز گلشن اقبال چورنگی کے قریب فائرنگ کا واقعہ پیش آیا، مقتول کی شناخت 35 سال کے تراب زیدی کے نام سے ہوئی/ فائل فوٹو

کراچی میں عید کے دنوں میں بھی ڈکیتی کی وارداتیں رپورٹ ہوئی ہیں۔

پولیس کے مطابق عید کے دوسرے روز  گلشن اقبال چورنگی کے قریب فائرنگ کا واقعہ پیش آیا، مقتول کی شناخت 35 سال کے تراب زیدی کے نام سے ہوئی۔

 پولیس کے مطابق مقتول دوست کے ہمراہ اے ٹی ایم سے پیسے لے کر نکلا تھا، 2 موٹر سائیکلوں پر 4 ملزمان نے لوٹ مار کے دوران فائرنگ کرکے قتل کردیا، مقتول کو ایک گولی سر پر لگی جو جان لیوا ثابت ہوئی جس کے بعد رواں سال ڈاکوؤں کی فائرنگ سے مرنے والوں کی تعداد 59 تک جا پہنچی ہے۔

مقتول کے ورثا کا کہنا تھا کہ مقتول 2 بچوں کا باپ اور کال سینٹر میں کام کرتا تھا، نماز جنازہ بعد نماز ظہر امام بارگاہ انچولی میں ادا کی جائے گی۔

دوسری جانب وزیر داخلہ سندھ ضیا الحسن لنجار نے واقعہ پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ایس ایچ او گلشن اقبال کو فی الفور معطل کرنے کے احکامات دیے اور ہدایت کی کہ ایس ایس پی ایسٹ انکوائری اور جامع تفتیش کے تحت ملوث ملزمان کو جلد سے جلد گرفتار کریں ۔

ادھر  رات گئے ڈاکوؤں کی فائرنگ سے 4 افراد زخمی بھی ہوئے، رات گئے ناظم آباد ایک نمبر کے قریب بھی ڈکیتی مزاحمت پر 28 سال کا سفیان زخمی ہوا، کورنگی نمبر ایک میں بھی ڈاکوؤں نے فائرنگ کرکے شہری زخمی کردیا۔

شاہ لطیف ٹاؤن مسلم سوسائٹی بچہ جیل کے قریب ڈاکوؤں کی فائرنگ سے 2 افراد زخمی ہوگئے ، زخمیوں میں شکیل اور عبیداللہ شامل ہیں۔

مزید خبریں :