12 اپریل ، 2024
اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور احد چیمہ کا کہنا ہے کہ ایشین ڈیولپمنٹ بینک (اے ڈی بی) آؤٹ لُک رپورٹ حکومت کی درست اقتصادی پالیسیوں کی توثیق ہے۔
ایک بیان میں احد چیمہ نےکہا کہ اے ڈی بی کی رپورٹ میں پاکستان کی معیشت کے بارے میں خوش آئند امکانات کا اظہار کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی قیادت میں مستحکم اورپائیدار معیشت کیلئے کام شروع کردیا ہے، ملک میں مہنگائی کم ہو رہی ہے، اس کی تصدیق عالمی مالیاتی ادارے بھی کررہے ہیں۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ مالی نظم وضبط بہتربنانے اور سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے کام کررہے ہیں، ہم نے ملک کو ڈیفالٹ سے بچایا، ہمارے معاشی اقدامات سے روپے کی قدر مستحکم ہوئی، حکومت اے ڈی بی کی سفارشات پر عمل کرنے کیلئے پرعزم ہے۔