12 اپریل ، 2024
بہاولنگر واقعے پر پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کا بیان سامنے آگیا ہے۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہےکہ حال ہی میں بہاولنگر میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جسے فوج اور پولیس حکام کی مشترکہ کوششوں سے فوری طور پر حل کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہےکہ معاملہ حل ہونےکے باوجود مخصوص مقاصدکے حامل بعض دھڑوں نے ریاستی اداروں اور سرکاری محکموں کے درمیان تقسیم پیدا کرنےکے لیے سوشل میڈیا پر پروپیگنڈا شروع کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی اور پولیس حکام پر مشتمل ٹیم واقعےکی مشترکہ انکوائری کرے گی۔ قوانین کی خلاف ورزی اور اختیارات کے ناجائز استعمال کی ذمہ داری کا تعین کرنے کے لیے انکوائری کی جائے گی۔ مشترکہ انکوائری سے ذمہ داروں کا تعین اور حقائق کا پتہ لگ سکےگا۔