13 اپریل ، 2024
حیدرآباد پولیس نے منشیات فروشوں اور اسٹریٹ کرمنلز کے خلاف آپریشن کرتے ہوئے 3 مبینہ مقابلوں میں 2 ملزموں کو ہلاک اور ایک کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا۔
پولیس ترجمان کے مطابق حالی روڈ تھانے کے علاقوں امریکن کوارٹر اور بدین چالی کے علاقوں میں پولیس نے خفیہ اطلاع پر دو الگ الگ کارروائیاں کیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ کارروائی کے دوران ملزمان کی جانب سے مزاحمت پر فائرنگ کے تبادلے ہوئے تو امریکن کوارٹر کے مقام پر اقبال شاہ اور بدین چالی کے علاقے میں سلمان پٹھان نامی ملزمان ہلاک ہوئے۔
پولیس کے مطابق دونوں ملزمان پر مختلف تھانوں میں متعدد مقدمات درج تھے۔
اس کے علاوہ پنیاری تھانے کے علاقے گوٹھ ادو جتوئی کے مقام پر ہونیوالے مقابلے میں ملزم دلاور عرف عبدالغنی زخمی حالت میں گرفتار ہوا، جس کا ساتھی موٹرسائیکل سمیت فرار گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان سے آئس، کرسٹل، ہیروئن، اور اسلحہ برآمد ہوا، ہلاک ملزمان کی لاشیں اور زخمی ملزم کو سول اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔