Time 13 اپریل ، 2024
پاکستان

بلوچستان کے بیشتر شہروں میں موسلا دھار بارشیں، آسمانی بجلی گرنے سے 3 نوجوان جاں بحق

صوبے میں غیر معمولی بارشوں اور موسمی صورتحال کے پیش نظر تمام کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت جاری کردی گئی ہیں: حکومتی ترجمان/ فائل فوٹو
 صوبے میں غیر معمولی بارشوں اور موسمی صورتحال کے پیش نظر تمام کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت جاری کردی گئی ہیں: حکومتی ترجمان/ فائل فوٹو

بلوچستان میں مغربی ہوائیں داخل ہونے کے بعد کوئٹہ سمیت صوبے کے وسیع علاقے میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور گرد آلود ہوائیں چلنے کا سلسلہ جاری ہے جب کہ  سوراب اور پشین میں آسمانی بجلی گرنے کے واقعات میں 3 افراد جاں بحق ہوگئے۔

وادی کوئٹہ میں بار ش کا سلسلہ صبح سے جاری ہے،گرج چمک کے ساتھ وقفے وقفے سے کبھی تیز اور کبھی ہلکی بارش ہورہی ہے جس سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا اور موسم خوشگوار ہوگیا۔

دوسری جانب واشک، خضدار، سوراب، قلات ، مستونگ، نوشکی، بولان  اور پشین میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی، نوشکی،کولپور اور مستونگ میں ژالہ باری سے موسم سرد ہوگیا  جب کہ سوراب کے علاقے تنک میں باغ میں بیٹھے نوجوانوں پر آسمانی بجلی گرگئی جس سے 2 نوجوان فرید احمد اور جابر احمد موقع پر جان بحق ہوگئے جب کہ ایک نوجوان اعجاز احمد زخمی ہوگیا۔

آج ژوب، شیرانی، بارکھان، موسیٰ خیل، کوہلو، سبی، جھل مگسی، لورالائی، زیارت، کوئٹہ، چمن، پشین، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ، لسبیلہ، قلات، خضدار، زیارت، کوہلو، بارکھان، مسلم باغ، تربت، ہرنائی، کوہلو، نصیر آباد، جعفرآباد، چاغی، پنجگور، گوادر اور کیچ میں گرج چمک کے ساتھ وقفے وقفے سے مزید بارش کا امکان  ہے جس سے مقامی برساتی ندی نالوں میں طغیانی کا اندیشہ ہے ۔

ادھر ترجمان بلوچستان حکومت کے مطابق صوبے میں غیر معمولی بارشوں اور موسمی صورتحال کے پیش نظر تمام کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت جاری کردی گئی ہیں۔

ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز کو الرٹ کردیا گیا ہے جب کہ وزیراعلیٰ نے نکاسی آب کے تمام قدرتی راستوں سے تجاوزات ہٹانے کے لیےکارروائی کا حکم دے دیا ہے ْ۔

مزید خبریں :