14 اپریل ، 2024
اسرائیل پر ایران کے میزائل حملے کے بعد کراچی کیلئے ترکش ائیر کی پرواز درمیان راستے سے واپس چلی گئی جبکہ اسلام آباد اور لاہور کے لیے پروازوں نے طویل ترین روٹ اختیار کیا۔
ایوی ایشن ذرائع کے مطابق پرواز ٹی کے 708 کو عراق کی فضائی حدود سے واپس بلوایا گیا، یہ پرواز اج دوپہر طویل راستے سے ری شیڈیول کی گئی ہے جبکہ کراچی سے ترکش ائیر کی پرواز پی کے 709 کی شام 6 بجے روانگی متوقع ہے۔
ترکش ائیر کی پرواز نے اسلام آباد پہنچنے کیلئے طویل ترین روٹ اختیار کیا، پرواز ٹی کے 710 اور 711 تاجکستان، ترکمانستان، آذربائیجان اور جارجیا کے راستے آپریٹ کی گئیں۔
پرواز ٹی کے 714 روایتی راستے سے استنبول سے لاہور پہنچ چکی تھی جبکہ لاہور استنبول کی پرواز ٹی کے 715 نے بھی تاجکستان اور ترکمانستان کا روٹ اپنایا۔
ایران کے اسرائیل پر حملے کی وجہ سے ترکش ائیر کا فلائٹ آپریشن درہم برہم ہوگیا اور بھارت، بنگلا دیش، ایران، عراق، چین اور کئی ملکوں کی پروازیں درمیان راستے سے واپس ہوئیں۔
بھارت، بنگلا دیش اور دیگر ملکوں سے بھی پروازیں تاجکستان، ترکمانستان اور جارجیا سے ہوتے ہوئے منزل پر پہنچ رہی ہیں۔