انزائٹی اور ڈپریشن جیسے امراض سے بچنے کا آسان ترین نسخہ

ایک طبی تحقیق میں اس بارے میں بتایا گیا / فائل فوٹو
ایک طبی تحقیق میں اس بارے میں بتایا گیا / فائل فوٹو

ڈپریشن اور انزائٹی ایسے امراض ہیں جن سے موجودہ عہد میں ہر عمر کے افراد متاثر ہو رہے ہیں۔

ڈپریشن یا انزائٹی کے شکار افراد کو دماغی اور جسمانی دونوں طرح کے مسائل کا سامنا ہوتا ہے۔

مگر اچھی خبر یہ ہے کہ دوستوں یا گھر والوں سے گلے ملنے سے آپ کو ڈپریشن اور انزائٹی سے تحفظ مل سکتا ہے۔

یہ بات جرمنی میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی۔

University Hospital Essen کی تحقیق میں بتایا گیا کہ پیاروں کا لمس جسمانی اور ذہنی مسائل کے خلاف رکاوٹ بن سکتا ہے۔

اس تحقیق میں ماضی میں ہونے والی درجنوں تحقیقی رپورٹس کے نتائج کا تجزیہ کیا گیا۔

تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ گلے ملنے سے ڈپریشن اور انزائٹی سے تحفظ ملنے کے ساتھ ساتھ جسمانی صحت کو بھی فائدہ ہوتا ہے۔

تحقیق کے مطابق انسانوں کے ساتھ ساتھ دیگر اشیا جیسے کمبل کو چھونے سے بھی صحت کو فائدہ ہوتا ہے۔

محققین کے مطابق گلے ملنا یا محض چھونے سے بھی جسمانی تکلیف، ڈپریشن اور انزائٹی کے مسائل پر قابو پانے میں مدد مل سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ نتائج نے ہمیں حیران کر دیا اور اشیا کو چھونے سے لوگوں کی صحت پر مرتب ہونے والے اثرات کے بارے میں مزید تحقیق کی ضرورت ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ انسانی لمس سے ذہنی صحت پر زیادہ نمایاں اثرات مرتب ہوتے ہیں۔

تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ گلے ملنے سے چھونے کا دورانیہ اہمیت نہیں رکھتا، البتہ زیادہ وقت تک چھونے سے بالغ افراد کو زیادہ فائدہ ہوتا ہے۔

اس تحقیق کے نتائج جرنل نیچر ہیومین بی ہیوئیر میں شائع ہوئے۔

مزید خبریں :