15 اپریل ، 2024
ایرانی حملے کے بعد اسرائیلی وزیراعظم بن یامین نیتن یاہو کی 5 رکنی جنگی کابینہ نے ایران کے خلاف انتقامی کارروائی پر اتفاق کرلیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق اسرائیل پر ایران کے حملے کے بعد اسرائیلی جنگی کابینہ کے اجلاس میں ایران کے خلاف انتقامی کارروائی کا فیصلہ کرلیا گیا تاہم اسرائیلی کارروائی کے وقت اور اس کی شدت پر اتفاق نہیں کیا جا سکا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق اسرائیلی وزیراعظم بن یامین نیتن یاہو کی 5 رکنی جنگی کابینہ کا اگلا اجلاس بھی جلد متوقع ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز ایران نے دمشق میں ایرانی قونصل خانے پر حملے کا جواب دیتے ہوئے اسرائیل پر 300 کے قریب ڈرون اور میزائل داغ دیے تھے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق ایران نے اسرائیل پر براہ راست ڈرون حملے کیے جس کی تصدیق ایرانی پاسداران انقلاب نے بھی کی جبکہ اسرائیل نے ایران کے متعدد ڈرون گرانے کا دعویٰ کیا تھا۔
ایرانی میڈیا رپورٹ کے مطابق ایران نے اسرائیلی دفاعی تنصیبات کو نشانہ بنایا، گولان کی پہاڑیوں اور شام کے قریب اسرائیلی فوجی ٹھکانوں کو بھی نشانہ بنایا گیا۔
ایرانی میڈیا کا دعویٰ تھا کہ تہران اسرائیل میں 50 فیصد اہداف کو نشانہ بنانے میں کامیاب رہا، اسرائیلی فضائی اڈے کو خیبر میزائلوں سے ٹارگٹ کیا گیا۔
دوسری جانب اسرائیلی فوج نے تصدیق کی کہ ایران کے 300 ڈرونز اسرائیلی علاقوں تک پہنچے، زمین سے زمین پر مار کرنے والے درجنوں ایرانی میزائلوں میں سے کچھ میزائلوں سے اسرائیل میں حملہ ہوا ہے۔
اسرائیلی فوجی ترجمان نے بھی تصدیق کی کہ ایرانی ڈرونز سے جنوبی اسرائیل میں فوجی اڈے کو نقصان پہنچا اور اسرائیل پر ایرانی میزائل حملے میں ایک لڑکی زخمی ہوئی، خطرات ابھی ٹلے نہیں ہیں اور فورسز خطرات کا مقابلہ کر رہی ہیں۔