15 اپریل ، 2024
بلوچستان کے 16 اضلاع میں آج سے مزید بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے جب کہ کراچی میں 17 اپریل کو تیز بارش متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کا دوسرا سلسلہ 17 اپریل کو بلوچستان سے کراچی میں داخل ہوگا جس سے تیز بارش متوقع ہے جب کہ آج کراچی میں بارش کا امکان نہیں تاہم مطلع ابر آلو رہے گا۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں صبح درجہ حرارت 23 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا اور ہوا میں نمی کا تناسب 80 فیصد سے زائد تھا۔
جیونیوز کے پروگرام جیو پاکستان میں گفتگو کرتے ہوئے چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز نے کہا کہ شہر قائد میں توقع کے مطابق بارش ہوئی، بلوچستان میں موسلادھار بارش کا سلسلہ چل رہا ہے، صوبے میں 16 اپریل کی رات سے بارش کا نیا سلسلہ شروع ہوجائے گا، مکران ضلع میں زیادہ بارش متوقع ہے، توقع تھی کہ یہ سسٹم سندھ میں بھی پھیلے گا اور بارش ہوگی۔
سردار سرفراز نے بتایاکہ پہاڑی علاقوں میں فصلوں کے لیے یہ بارش فائدہ مند ہے، میدانی علاقوں میں بارش سے فصلوں کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ 2022 میں مارچ سے گرمی شروع ہوگئی تھی اس بار ایسا نہیں، اس بار درجہ حرارت معمول سے کم رہنے کی توقع ہے ،اپریل کے آخری ہفتے سے موسم گرم ہونے کا امکان ہے ،گرمی ہوگی لیکن بہت زیادہ غیرمعمولی گرمی کا امکان نہیں۔
دوسری جانب بارشیں برسانے والامغربی ہواؤں کا سسٹم بلوچستان میں موجود ہے جس کے زیر اثر کوئٹہ سمیت مختلف شہروں میں گرج چمک کے ساتھ وقفے وقفے سے بارش ہورہی ہے جب کہ بلوچستان کے 16 اضلاع میں آج بھی مزید بارش کا امکان ہے۔
شدید بارشوں سے کوئٹہ کی مختلف سڑکوں پر پانی جمع ہوگیا اورسیوریج کا نظام درہم برہم ہوگیا۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے صورتحال کا نوٹس لیتے ہوئے فوری اقدامات کی ہدایت کی ہے جب کہ بلوچستان کےتمام اسکول آج اور کل بند رہیں گے۔
علاوہ ازیں محکمہ موسمیات نےآج اسلام آباد، پنجاب،خیبر پختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی مزید بارش کی پیشگوئی کی ہے جب کہ لوئر دیر میں شدید بارشوں کے باعث دریائے پنجکوڑہ میں اونچے درجے کے سیلاب کا خدشہ ہے۔