دنیا
Time 15 اپریل ، 2024

آسٹریلوی ارب پتی کا ٹائی ٹینک 2 جہاز بنانے کا اعلان، کتنی لاگت آئے گی؟

ایک دہائی سے زائد عرصے سے آسٹریلیا سے تعلق رکھنے والے ارب پتی کلائیو پالمرنے ٹائی ٹینک 2 جہاز بنانے کا اعلان کیا ہے جس کی تیاری 2027 تک  مکمل ہونے کی توقع ہے۔

کلائیو پالمر بلو اسٹار لائن نامی کمپنی کے چیئرمین ہیں اور گزشتہ برسوں میں وہ کووڈ کی وبا کے دوران سرحدوں کی بندش پر آسٹریلیا کی ریاستی اور وفاقی حکومتوں کے خلاف مقدمات بھی دائر کر چکے ہیں۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ٹائی ٹینک 2 جہاز بنانے میں ایک ارب پاؤنڈ کی لاگت آئے گی جب کہ ٹائی ٹینک 2 کی تیاری 2027 تک مکمل ہونے کی توقع ہے۔

 امریکی اینی میٹر نے ٹائی ٹینک کی ڈیجیٹل کری ایشن ویڈیو بھی شیئر کردی ہے۔

سب سے پہلے کلائیو پالمر  نے 2012 میں ٹائی ٹینک 2 کی تیاری کا اعلان کیا اور 2018 میں ایک بار پھر یہ اعلان کیا۔

جب 2012 میں انہوں نے پہلی بار اس منصوبے کا اعلان کیا تھا تو ان کا کہنا تھا کہ 2016 میں اسے مکمل کرلیا جائے گا مگر پھر اس پر کام نہیں ہوسکا۔

بعد ازاں 2018 میں جب دوبارہ اس پر کام شروع ہوا تو کووڈ 19 کی وبا کے باعث ایک بار پھر کام روکنا پڑا، اب 6 سال بعد ایک بار پھر انہوں نے اس منصوبے کو دوبارہ شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔

واضح رہے کہ مشہور زمانہ ٹائی ٹینک جہاز 1912 میں اپنے پہلے ہی سفر پر حادثہ کا شکار ہو کر ڈوب گیا تھا، اس جہاز کا ملبہ آج بھی بحر اوقیانوس میں ساڑھے 12 ہزار فٹ کی گہرائی میں موجود ہے۔

1997 میں ڈائریکٹر جیمز کیمرون کی فلم نے اس واقعے کو ایک بار پھر دنیا بھر کے افراد کے ذہنوں میں زندہ کردیا تھا۔

مزید خبریں :