دنیا
Time 16 اپریل ، 2024

اسرائیلی فوج کے غزہ میں نصیرات کیمپ پر حملے، مسجد میں لوگوں کے گروپ پر ڈرون داغ دیا

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

اسرائیلی فوج نے غزہ میں نصیرات کیمپ پر حملے  کیے جبکہ مسجد میں لوگوں کے گروپ پر ڈرون حملہ اور  دیگر علاقوں پر بھی بمباری کی ہے۔

اسرائیل کی جانب سے  مقبوضہ فلسطین کے علاقے غزہ پر جارحیت کا سلسلہ جاری ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق وسطی غزہ کی پٹی میں نصیرات کے شمال میں لوگوں کے ایک گروپ کو نشانہ بنانے والے اسرائیلی ڈرونز کی بمباری سے کم از کم دو فلسطینی شہید ہو گئے ۔

یہ حملہ نصیرات کے شمال میں ارد المفتی کے علاقے میں واقع حسن البنا مسجد پر کیا گیا۔

فلسطینی وزارت صحت کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں اسرائیلی فوج کی جانب سے حملوں میں مزید 68 سے زیادہ فلسطینی شہید ہوگئے۔

ادھر بے گھر فلسطینی خاندانوں کی شمالی غزہ میں اپنے گھروں کو واپسی کی کوشش جاری ہے لیکن تباہ شدہ مکانات دیکھ کر اپنی رہائشگاہیں تلاش کرنے میں انہیں مشکلات کا سامنا ہے۔

اسرائیلی فوج نے فلسطینیوں کو وارننگ  دیتے ہوئے کہا ہے کہ شمالی غزہ خطرناک جنگی میدان ہے اور ساتھ ہی شمالی غزہ واپس جانے والے لوگوں پر اسرائیلی فوج کی جانب سےفائرنگ کی گئی۔

فلسطینی وزارت صحت کا بتانا ہے کہ غزہ میں اب تک ساڑھے 33 ہزار سے زائد افراد شہید اور 76094 افراد زخمی ہوئے ہیں جب کہ ملبے میں دبے ہوئے افراد کی تعداد 2367 ہے۔

مزید برآں غزہ میں غذائی قلت سے اب تک بچوں سمیت 28 افراد شہید ہو چکے ہیں۔

مزید خبریں :