دنیا
Time 16 اپریل ، 2024

عمان میں شدید بارشوں کے بعد سیلاب نے تباہی مچا دی، بچوں سمیت 17 افراد جاں بحق

فوٹو: گلف ٹوڈے
فوٹو: گلف ٹوڈے

عمان میں شدید بارشوں کے بعد سیلاب نے تباہی مچادی، سڑکیں زیر آب آگئیں، گاڑیاں بہہ جانے سے اسکول کے بچوں سمیت17 افراد ہلاک ہوگئے۔

خلیجی میڈیا کے مطابق اتوار کو عمان میں شروع ہونے والی تیز ہواؤں اور پھر موسلادھار بارش نے تباہی مچادی، مسلسل بارش کی وجہ سے عمان کے شمال اور مشرق کے کئی علاقوں میں سیلابی صورتحال ہے۔

خلیجی خبر رساں ایجنسی نے اتوار کو ابتدائی طور پر اطلاع دی تھی کہ سیلابی ریلے میں گاڑیاں بہہ جانے سے 9 اسکول کے بچے اور 3 دیگر افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے  تھے۔

فوٹو: گلف ٹوڈے
فوٹو: گلف ٹوڈے

ملک کے شمال مشرق میں آنے والے سیلاب میں 5 افراد کے لاپتہ ہونے کی بھی اطلاع تھی تاہم عمان نیوز ایجنسی نے پیر کو ایک بچے اور مزید 3 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کی۔

رپورٹ کے مطابق منگل تک عمان میں سیلاب کی وجہ سے ہلاکتوں کی تعداد 17 ہوگئی ہے۔

پیر کو وزارت تعلیم نے سیلابی صورتحال کے پیشِ نظر احتیاط کے طور پر بیشتر علاقوں میں اسکول بند کر دیے تھے اور حکام نے لوگوں کو گھروں سے کام کرنے کی ہدایت کی ہے۔

دوسری جانب متحدہ عرب امارات میں شدید بارشوں کی وجہ سے نظام زندگی درہم برہم ہے۔

دبئی اور ابوظبی میں طوفانی بارشیں پیر کی رات سے جاری ہیں جب کہ نئی ایڈوائزری میں بارش، آسمانی بجلی اور اولے پڑنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

مزید خبریں :