31 جنوری ، 2013
اسکردو…گلگت بلتستان کے ضلع دیامر میں پہاڑوں پر آج دوسرے روز بھی برفباری کا سلسلہ جاری ہے جبکہ محکمہ موسمیات نے آئندہ چند روز میں بالائی علاقوں اور کشمیر میں مزید بارش اور برفباری کا امکان ظاہر کیا ہے۔گلگت بلتستان کے ضلع دیامر میں واقع نانگا پربت ،بابو سر ٹاپ اور بٹوگا ٹاپ پر گزشتہ روز شروع ہونے والا برفباری کا سلسلہ آج بھی جاری ہے۔ ضلع کے بعض علاقوں میں ہلکی بارش بھی ہورہی ہے جس سے سردی مزید شدت اختیار کر گئی ہے۔ اسکردو اور استور سمیت بیشتر اضلاع میں بادل چھائے ہیں۔ مالا کنڈ، ہزارہ،کوہاٹ ڈویژن ، شمالی بلوچستان اور قبائلی علاقوں میں بھی سردی کی شدت برقرار ہے۔ خشک سردی بیماریوں کا سبب بن رہی ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بارش اور برفباری کا باعث بننے والی ہوائیں کل بلوچستان کے مغربی علاقوں میں داخل ہوں گی اور فروری کے پہلے ہفتے میں بلوچستان،خیبر پختونخوا،بالائی پنجاب اور آزاد کشمیر کے اکثر مقامات پر بارش اور برفباری کا امکان ہے۔