18 اپریل ، 2024
میٹا نے جنریٹیو آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ٹیکنالوجی کو اپنی ایپس میں شامل کرنے کا عمل تیز کر دیا ہے۔
اس مقصد کے لیے کمپنی نے میٹا اے آئی نامی چیٹ بوٹ گزشتہ دنوں میسنجر اور واٹس ایپ صارفین کے لیے متعارف کرایا تھا۔
چیٹ جی پی ٹی جیسا یہ چیٹ بوٹ پاکستان اور بھارت سمیت کچھ ممالک میں واٹس ایپ کے محدود صارفین کو دستیاب ہے۔
تو آپ اس چیٹ بوٹ سے کیا کر سکتے ہیں؟
یہ چیٹ بوٹ کسی بھی موضوع پر کیے جانے والے سوالات کا جواب دے سکتا ہے، آپ اس سے درخواستیں، کہانیاں اور کافی کچھ لکھوا سکتے ہیں جبکہ مستقبل قریب میں یہ مختلف زبانوں کا ترجمہ کرنے کی صلاحیت سے بھی لیس ہوگا۔
اور ہاں یہ اے آئی پر مبنی تصاویر تیار کرنے میں بھی مدد فراہم کرے گا۔
یہ چیٹ بوٹ میٹا کے لارج لینگوئج ماڈل لاما پر مبنی ہے اور جیسا اوپر درج کیا جا چکا ہے کہ محدود صارفین کو دستیاب ہے۔
اس کے لیے سب سے پہلے فون میں واٹس ایپ کو اپ ڈیٹ کریں۔
اس کے بعد واٹس ایپ اوپن کریں اور اسکرین پر دیکھیں کہ دائیں جانب نیچے پلس کے نشان کے اوپر ایک جامنی رنگ کا دائرہ نظر آ رہا ہے یا نہیں، یا کوئی بھی چیٹ اوپن کرکے چیٹ فیلڈ پر @ لکھ کر دیکھیں کہ میٹا اے آئی لکھا نظر آ رہا ہے یا نہیں۔
اگر دائرہ یا چیٹ میں میٹا اے آئی کا نام نظر نہیں آرہا تو اس کا مطلب ہے کہ ابھی آپ کو اس چیٹ بوٹ تک رسائی نہیں دی گئی۔
اگر وہ دائرہ نظر آ رہا ہے تو اس پر کلک کرنے پر میٹا اے آئی چیٹ بوٹ کی ونڈو اوپن ہو جائے گی جس پر آپ مختلف سوالات یا ہدایات لکھ سینڈ پر کلک کریں۔
ایسا کرنے پر اے آئی چیٹ بوٹ کام کرنے لگے گا اور چیٹ ونڈو کے اندر اس کا جواب نظر آئے گا۔
واضح رہے کہ فی الحال میٹا اے آئی انگلش زبان کے سوالات یا ہدایات کو ہی سمجھ سکتا ہے۔
جیسا اوپر درج کیا جاچکا ہے کہ یہ چیٹ بوٹ ابھی محدود صارفین کو دستیاب ہے مگر اس سے عندیہ ملتا ہے کہ بہت جلد اسے تمام افراد کے لیے متعارف کرا دیا جائے گا۔
یہ بھی واضح رہے کہ چیٹ بوٹ کے جوابات 100 فیصد درست نہیں ہوتے تو اس حوالے سے احتیاط کی ضرورت ہوتی ہے۔