Time 19 اپریل ، 2024
جرائم

کراچی: زیرحراست ملزم کی ہلاکت، انکوائری کمیٹی نے ایس پی کو واقعے کا ذمہ دار قرار دیدیا

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

کراچی میں پولیس کسٹڈی میں ملزم کی ہلاکت کے واقعے پر انکوائری کمیٹی نے ایس پی کلفٹن کو واقعے کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے قتل کی دفعہ کے تحت کارروائی کی سفارش کردی ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق تحقیقاتی کمیٹی نے اپنی رپورٹ ایڈیشنل آئی جی کے پاس جمع کروادی ہے، رپورٹ میں ملزم معیز کی ہلاکت کا مرکزی کردار ایس پی کلفٹن کو قرار دیا گیا ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ایس پی کلفٹن، تھانے سے ملزم کو لے کر گیا اور اگلے روز اس کی لاش واپس آئی، ملزم کی ہلاکت تھانے میں نہیں ہوئی بلکہ اسے کسی اور مقام پر تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔

ذرائع کے مطابق تحقیقاتی کمیٹی نے اپنی رپورٹ میں درخشاں تھانے کے  ایس ایچ او، اور ہیڈ محرر کو بے گناہ  قرار دیا ہے جبکہ ایس پی کلفٹن اب تک تحقیقاتی کمیٹی کے سامنے پیش نہیں ہوئے۔

زیر حراست ملزم کی ہلاکت کے واقعے پر ایس پی کلفٹن، ایس ایچ او درخشاں اور ہیڈ محرر درخشاں تینوں کو عہدوں سے ہٹایا گیا تھا جبکہ ایس ایچ اور ہیڈ محرر کو گرفتار کرکے ان کے خلاف مقدمہ بھی درج کیا گیا تھا۔

واضح رہے کہ چند روز قبل کراچی کےعلاقے ڈیفنس میں درخشاں تھانے پر  پولیس کسٹڈی میں معیز نامی ملزم ہلاک ہوگیا تھا۔

ملزم کی ہلاکت کے واقعے کے بعد ایڈیشنل آئی جی کراچی عمران یعقوب منہاس نے واقعے کے حقائق جاننے کیلئے ڈی آئی جی ویسٹ عرفان بلوچ کی سربراہی میں تحقیقاتی کمیٹی قائم کی تھی۔

مزید خبریں :