19 اپریل ، 2024
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف کے ساتھ نئے قرض معاہدے کی امید ہے، پاکستان کا مقصد مئی میں نئے قرض کے خاکے پر اتفاق کرنا ہے۔
واشنگٹن میں غیرملکی خبررساں ایجنسی کو انٹرویو دیتے ہوئے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ موجودہ قرض پروگرام اپریل میں ختم ہوجائےگا، پاکستان کو مئی میں آئی ایم ایف سے نئے قرض معاہدے کی امید ہے۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ پاکستان ایک طویل اور بڑے قرض کی تلاش کر رہا ہے، میکرو اکنامک استحکام، ڈھانچہ جاتی اصلاحات کیلئے مدد ضروری ہے، توقع ہے آئی ایم ایف کا مشن مئی کے وسط میں اسلام آباد میں ہوگا۔
انہوں نے بتایا کہ قرض پر اتفاق ہوا تو اضافی فنانسنگ کی بھی درخواست کریں گے، اضافی فنانسنگ لچک اور پائیداری ٹرسٹ کے تحت کریں گے۔
اس کے علاوہ انہوں نے کہا کہ قرض کی صورتحال بھی زیادہ بہتر نظر آرہی ہے، ہمارے قرضوں کا بڑا حصہ رول اوور کیا جا رہا ہے، رواں یا اگلے مالی سال کے دوران بڑا خطرہ نظر نہیں آرہا، ہمیں ہرسال اوسطاً 25ارب ڈالرز ادائیگی کرنا ہوتی ہے۔
وزیر خزانہ نے بتایا کہ گرین بانڈ کے ساتھ عالمی مارکیٹس میں واپسی کی امید رکھتے ہیں، ہمیں ایک مخصوص درجہ بندی کے ماحول میں واپس آنا ہوگا، ہم نے ریٹنگ ایجنسیوں کے ساتھ بات چیت کا آغاز کردیا ہے، امید ہے کہ اگلے مالی سال میں درجہ بندی میں بہتری آئے گی۔
خبررساں ایجنسی کے مطابق وزیرخزانہ نے آئی ایم ایف کے ساتھ نئے پروگرام کے سائز کا خاکہ بتانے سے انکار کیا، پاکستان اگلے پروگرام میں کم از کم 6 ارب ڈالر کا نیا ٹیب کھولے گا۔
واضح رہے کہ وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب وفد کے ہمراہ آئی ایم ایف سے پیکیج کیلئے مذاکرات کے سلسلے میں امریکا میں موجود ہیں۔
جمعہ کو وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے امریکا میں آئی ایم ایف اسٹاف ایسوسی ایشن، موڈیز انویسٹر سروس حکام، ملٹی لیٹرل انویسٹمنٹ گارنٹی ایجنسی (ایم آئی جی اے) کے ایگزیکٹو نائب صدر، برطانوی وزیر برائے ترقی اور سعودی فنڈ فار ڈیولپمنٹ کے سی ای او سمیت دیگر اہم رہنماؤں سے ملاقاتیں کیں۔