20 اپریل ، 2024
یوکرین نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے روس کے اہم اور دور تک حملے کرنے والے جنگی جہاز Tu–22M3 کو میزائل کے ذریعے تباہ کردیا۔
یوکرینی حکام نے دعویٰ کیا کہ انہوں نے روسی جنگی طیارے کو اپنی سرحد سے 300 کلومیٹر دور روسی حدود میں ہی تباہ کردیا تاہم روسی حکام کا کہنا ہے کہ ان کا جہاز یوکرین نے تباہ نہیں کیا بلکہ جہاز تکنیکی خرابی کی وجہ سے گرکر تباہ ہوا۔
روسی حکام کے مطابق طیارے میں سوار 4 افراد میں سے ایک ہلاک ہوگیا اور 2 زخمیوں کواسپتال داخل کروایا گیا ہے جب کہ ایک شخص ابھی لاپتا ہے جس کی تلاش جاری ہے۔
رپورٹس کے مطابق یوکرین اس سے پہلے صرف ان ہی روسی جہازوں کو گرا پایا تھا جو اس کی سرحدی حدود میں داخل ہوکر حملہ آور ہوئے مگر پہلی مرتبہ یوکرین نے روس کی سرحدی حدود کے اندر حملہ کرکے روسی جنگی جہاز کو گرایا ہے۔
رپورٹس کے مطابق روس کا Tu–22M3 جنگی طیارہ 22 کروز میزائلوں سے لیس ہوتا ہے اور یہ دور تک حملہ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے، اس طیارے کو سب سے پہلے 1977 میں استعمال کیا گیا تھا مگر پھر سال 2018 میں اسے مزید بہتر اور جدید بنایا گیا، عالمی ادارہ برائے اسٹریٹیجک اسٹیڈیز کے مطابق روس کے پاس 57 ایسے جہاز ہیں۔
دوسری جانب روسی طیاروں نے یوکرینی شہر ڈنیپروپر حملہ کرکے بہت سی رہائشی عمارتوں کو تباہ کردیا جس کے نتیجے میں 9 افراد ہلاک ہوگئے۔
یاد رہے کہ روس اور یوکرین کے درمیان جنگ کا آغاز فروری 2022 میں ہوا تھا، ایک اندازے کے مطابق جنگ میں اب تک دونوں ملکوں کے 50 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔