21 اپریل ، 2024
غزہ میں الشفا اسپتال اور بیت لاحیہ کے بعد خان یونس کے نصر میڈیکل کیمپ سے بھی اجتماعی قبر دریافت ہوئی ہے۔
فلسطینی ایمرجنسی سروس نے خان یونس شہر کے نصر میڈیکل کیمپ سے ایک اجتماعی قبر دریافت کی جہاں سے 50 لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔
فلسطین ایمرجنسی سروس کے مطابق ان کی ٹیم نے اپنا تلاش آپریشن جاری رکھا ہوا ہے کیونکہ اب بھی لوگوں کی ایک بہت بڑی تعداد ہے جن کے بارے میں کوئی معلومات نہیں ہیں کہ آیا وہ زندہ ہیں یا اسرائیلی فورسز نے انہیں شہید کر دیا ہے۔
اجتماعی قبر اسرائیلی فوج کے 7 اپریل کو خان یونس شہر سے نکل جانے کے بعد دریافت ہوئی، شہر کا زیادہ تر حصہ اسرائیلی افواج کی مسلسل بمباری اور حملوں کے نتیجے میں کھنڈرات کا منظر پیش کر رہا ہے۔
یاد رہے چند روز قبل بھی غزہ کے الشفا اسپتال کے سامنے سے ایک ہی ہفتے میں دو اجتماعی قبریں دریافت ہوئی تھیں، دونوں اجتماعی قبروں سے 39 افراد کی لاشیں ملی تھیں اور عرب میڈیا کے مطابق ان میں سے 30 لاشیں ہاتھ پیر بندھی اور تشدد زدہ تھیں۔
فلسطینی حکام نے شمالی غزہ کے علاقے بیت لاحیہ میں بھی ایک اجتماعی قبر دریافت کی تھی جس میں 20 لاشیں دفنائی گئی تھیں۔