21 اپریل ، 2024
فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ نے کہا ہے کہ غزہ میں جنگ بندی معاہدہ نہ ہونے کا مکمل ذمہ دار اسرائیل ہے۔
ترک میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے اسماعیل ہنیہ کا کہناتھا کہ اسرائیل صرف یرغمالیوں کو رہا کرانا چاہتا ہے تاکہ غزہ میں جنگ جاری رکھ سکے اور ایسا کبھی نہیں ہوسکتا، اسرائیلی فوج کو غزہ سے مکمل انخلا کرنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ اگرچہ جنگ بندی مذاکرات میں حماس نے لچک دکھائی تاہم اسرائیل اپنے مؤقف سے پیچھے نہیں ہٹا۔
اسماعیل ہنیہ کا مزید کہنا تھا کہ خطے میں حالیہ کشیدہ صورتحال کی ذمہ داری اسرائیل پر عائد ہوتی ہے، اسرائیل کا شام میں ایرانی قونصلیٹ پر حملہ ایران کی خودمختاری پر براہ راست حملہ تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ ترک صدر کا حماس کو قومی تحریک آزادی ماننا ہمارے لیے باعث فخر ہے، حماس ایک تحریک ہے جو اپنی سرزمین، مقدس مقامات اور فلسطینیوں کو ناجائز تسلط سے آزاد کرانے کے لیے مزاحمت کر رہی ہے۔