22 اپریل ، 2024
غزہ کے شہر خان یونس کے نصر میڈیکل کیمپ سے مزید 130 شہدا کی لاشیں نکال لی گئیں جس کے بعد شہدا کی مجموعی تعداد 180 ہوگئی ہے۔
غزہ کے شہر خان یونس کے نصر میڈیکل کیمپ میں کل فلسطینی سول ڈیفنس نے ایک اجتماعی قبر دریافت کی تھی جس سے ابتدائی طور پر 50 شہدا کی لاشیں نکالی گئی تھیں اور مزید لاشوں کی تلاش جاری تھی۔
رپورٹس کے مطابق اجتماعی قبر اسرائیلی فوج کے 7 اپریل کو خان یونس شہر سے نکل جانے کے بعد دریافت ہوئی، شہر کا زیادہ تر حصہ اسرائیلی افواج کی مسلسل بمباری اور حملوں کے نتیجے میں کھنڈرات کا منظر پیش کر رہا ہے۔
رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ نصر میڈیکل کیمپ سے مزید 130 لاشیں نکالی گئی ہیں جس کےبعد شہدا کی مجموعی تعداد 180 ہوگئی ہے۔
واضح رہے کہ چند روز قبل بھی غزہ کے الشفا اسپتال کے سامنے سے ایک ہی ہفتے میں دو اجتماعی قبریں دریافت ہوئی تھیں، دونوں اجتماعی قبروں سے 39 افراد کی لاشیں ملی تھیں جب کہ ان میں سے 30 لاشیں ہاتھ پیر بندھی اور تشدد زدہ تھیں۔
فلسطینی حکام نے شمالی غزہ کے علاقے بیت لاحیہ میں بھی ایک اجتماعی قبر دریافت کی تھی جس میں 20 لاشیں دفنائی گئی تھیں۔