Time 22 اپریل ، 2024
دنیا

امریکی یونیورسٹی میں فلسطین کی حمایت پرطلبا کی برطرفیوں کیخلاف احتجاج پر صورتحال کشیدہ

طلبہ کا مطالبہ ہے کہ یونیورسٹی ایسے اداروں میں سے سرمایہ کاری نکالے جو غزہ میں اسرائیلی جنگ سے منافع کمارہے ہیں: فوٹو: رائٹرز
طلبہ کا مطالبہ ہے کہ یونیورسٹی ایسے اداروں میں سے سرمایہ کاری نکالے جو غزہ میں اسرائیلی جنگ سے منافع کمارہے ہیں: فوٹو: رائٹرز

امریکی شہر نیویارک کی کولمبیا یونیورسٹی میں فلسطین کی حمایت میں احتجاج پر طلبا کی برطرفیوں کے خلاف طلبا کے احتجاج کے دوران صورتحال کشیدہ ہوگئی۔

 یونیورسٹی انتظامیہ نے کولمبیا یونیورسٹی میں آج ہونے والی تمام کلاسز ورچوئل کر دیں، کولمبیا یونیورسٹی کے طلبا آج آن لائن کلاسز لیں گے۔ 

کولمبیا یونیورسٹی میں گزشتہ جمعرات کو غزہ میں اسرائیلی مظالم کے خلاف احتجاج کیا گیا تھا، یونیورسٹی انتظامیہ کی درخواست پر پولیس نے احتجاج کرنے والے 108 طلبا کو گرفتار کر لیا تھا۔ 

یونیورسٹی نے غزہ احتجاج میں شامل کئی طلبا کو برطرفیوں کے نوٹس بھی جاری کر دیے ہیں، برطرف طلبا میں رکن کانگریس الہان عمر کی بیٹی بھی شامل ہے۔

فلسطینیوں کی حمایت میں احتجاج کرنے والے طلبا یونیورسٹی میں خیمے لگائے بیٹھے ہیں، ان طلبا کا مطالبہ ہے کہ یونیورسٹی ایسے اداروں میں سے اپنی سرمایہ کاری نکالے جو غزہ میں اسرائیلی جنگ سے منافع کمارہے ہیں۔ 

طلبا کا یہ بھی مطالبہ ہے کہ یونیورسٹی اپنی سرمایہ کاریوں کے حوالے سے شفافیت لے کر آئے  اور اسرائیلی یونیورسٹیوں سے تعلیمی شراکت داری ختم کرے۔


مزید خبریں :