Time 23 اپریل ، 2024
پاکستان

بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی طبیعت اچانک بگڑ گئی، بنی گالا میں طبی معائنہ

ڈاکٹربشریٰ لیاقت، ڈاکٹر ہرا، کارڈیولوجسٹ ڈاکٹر سدرہ پر مشتمل پمز کی ڈاکٹروں کی ٹیم نے بشریٰ بی بی کو طبی جائزے کروانے کی تجویز دی: ذرائع— فوٹو: فائل
ڈاکٹربشریٰ لیاقت، ڈاکٹر ہرا، کارڈیولوجسٹ ڈاکٹر سدرہ پر مشتمل پمز کی ڈاکٹروں کی ٹیم نے بشریٰ بی بی کو طبی جائزے کروانے کی تجویز دی: ذرائع— فوٹو: فائل

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی طبیعت اچانک بگڑ گئی جس کے بعد ڈاکٹروں کی ٹیم نے بنی گالا پہنچ کر ان کا طبی معائنہ کیا۔

ذرائع کے مطابق بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے تیزابیت اور سینے میں تکلیف کی شکایت تھی، جس کے بعد ڈاکٹربشریٰ لیاقت، ڈاکٹر ہرا، کارڈیولوجسٹ ڈاکٹرسدرا پر مشتمل پمز کے ڈاکٹروں کی ٹیم نے بنی گالہ پہنچ کر بشریٰ بی بی کا طبی معائنہ کیا۔

ذرائع نے بتایا کہ معائنے کے بعد ڈاکٹروں کی ٹیم نے بشریٰ بی بی کو کھانے پینے اور لائف اسٹائل میں تبدیلیاں تجویز کیں ہیں۔

ذرائع کے مطابق پمز کے ڈاکٹروں کی ٹیم نے بشریٰ بی بی کو معدے کے جائزے کی بھی تجویز دی ہے۔

واضح رہے کہ چند ہفتے قبل سابق وزیراعظم و پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے دعویٰ کیا تھا کہ شب معراج کو میرےکھانے میں ٹوائلٹ کلینرکے 3 قطرے ملائے گئے۔

عدالت پیشی پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بشریٰ بی بی نے کہا کہ مجھے جیل میں بھی کسی نے بتایا تھا کہ کھانے میں ٹوائلٹ کلینر ڈالا گیا اس کا نام نہیں بتاؤں گی۔

انہوں نے کہا کہ شب معراج کو میرےکھانے میں ٹوائلٹ کلینرکے 3 قطرے ملائے گئے، تحقیق سے پتہ چلا ٹوائلٹ کلینر سے ایک ماہ بعدطبیعت زیادہ خراب ہوتی ہے، مجھے آنکھوں میں سوجن، سینے اور معدے میں تکلیف ہوتی ہے، مجھے کھانا اور پانی بھی کڑوا لگتا ہے۔

بعد ازاں بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے ذاتی معالج ڈاکٹر عاصم یوسف نے کہا تھا کہ بشریٰ بی بی کو زہر دینے کی تصدیق نہیں ہوئی۔

جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر عاصم یوسف کا کہنا تھا کہ بشریٰ بی بی کا معائنہ کیا، بشریٰ بی بی کو زہر دیے جانے کے اس وقت کوئی شواہد نہیں ہیں، بشریٰ بی بی کو زہر دینے سے متعلق کوئی ٹیسٹ نہیں کر رہے۔

بشریٰ بی بی کے ذاتی معالج نے بتایا کہ بشریٰ بی بی کی طبیعت 2 ماہ پہلےکھانےکے بعد خراب ہوئی تھی، انہیں کھانا کھانے، نگلنے اور ہضم کرنےمیں تکلیف ہوئی، بشریٰ بی بی کو فکر تھی کہ کھانے میں مرچیں تھیں۔

ڈاکٹرعاصم یوسف کا کہنا تھا کہ بشریٰ بی بی  کی صحت کے حوالے سے عمرکو دیکھتے ہوئے ٹیسٹ ہونے چاہئیں، صحت کے مسائل کی درست تصدیق کیلئے معدے کا معائنہ ہونا چاہیے۔

مزید خبریں :