31 جنوری ، 2013
اسلام آباد … سینیٹ کی دفاعی کمیٹی نے لائن آف کنٹرول پر بھارت کی جانب سے بلا اشتعال فائرنگ کے واقعات پر پاک فوج سے اظہار یکجہتی کیلئے ایک متفقہ قرارد اد منظور کی ہے اور کہا ہے کہ ایسے واقعات پا ک بھارت امن عمل کو نقصان پہنچا سکتے ہیں، بھارت کی سیاسی قیادت مثبت رویے کا مظاہرہ کرے۔ سینیٹ کی دفاع اور دفاعی پیداوار کمیٹی کا اجلاس سینیٹر مشاہد حسین سید کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہاوٴس اسلام آباد میں ہوا۔ اجلاس کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر مشاہد حسین سید نے بتایا کہ کمیٹی نے اجلاس میں قرارداد پاس کرنے کے ساتھ ساتھ بھارتی کانگریس میں دفاعی کمیٹی کے سربراہ راج ببر کو بھی خط لکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اجلاس میں سیکریٹری دفاع نے پاک بھارت سیز فائر لائن کی خلاف ورزیوں اور کینٹ گیریژن میں انتخابات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے سیکریٹری دفاع کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ لائن آف کنٹرول پر پاک بھارت کشیدگی کم ہونے کا امکان ہے، دونوں ملکو ں کے ڈائریکٹر جنرلز ملٹری آپریشنز کے درمیان ان واقعات کے بعد 7اور 16 جنوری کو بھی رابطہ ہوا، دونوں ملکوں کی افواج کے درمیان روابط موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیکریٹری دفاع نے کینٹ گیریژن میں بلدیاتی انتخابات کی یقین دہانی کرائی ہے اور کہا ہے کہ سپریم کورٹ کی طر ف سے دئیے گئے حکم کی روشنی میں گیریژن میں انتخابات کروائے جائیں گے۔