پاکستان
Time 25 اپریل ، 2024

پنجاب حکومت کا زرعی اراضی کےکمرشل استعمال کے معاملےکو ریگولرائز کرنےکا فیصلہ

پنجاب  حکومت نے شہروں سے ملحق زرعی اراضی تیزی سے ہاؤسنگ سوسائٹیز میں بدلنے کا نوٹس لیتے ہوئے زرعی اراضی کے کمرشل استعمال کے معاملےکو ریگولرائز کرنےکا فیصلہ کیا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی قائم کردہ خصوصی کمیٹی کا وزیر بلدیات ذیشان رفیق کی زیر صدارت اجلاس ہوا۔

کمیٹی نے شہروں کے اردگرد زرعی اراضی کو تیزی سے ہاؤسنگ سوسائٹیز  میں بدلنے پر اظہار تشویش کیا۔

وزیر بلدیات ذیشان رفیق کا کہنا تھا کہ  بڑھتی رہائشی ضروریات پوری کرنے کے ساتھ زرعی رقبےکا دانشمندانہ استعمال ضروری ہے، عمودی کی بجائے افقی تعمیرات کےکلچر کی طرف جانا ہوگا۔

 ذیشان رفیق کا کہنا تھا کہ  رئیل اسٹیٹ بزنس کا استحکام اور  زرعی اراضی کی حفاظت دونوں یقینی بنائیں گے۔ غیر قانونی ہاؤسنگ اسکیموں کو قانون کے دائرے میں لانا ضروری ہے۔

وزیر زراعت  سید عاشق کرمانی کا کہنا تھا کہ خالصتاً زرعی علاقوں میں بھی غیر منظور شدہ اسکیمیں بن رہی ہیں، ہاؤسنگ اسکیموں کی منظوری کے میکنزم میں بہتری لانا ہوگی۔

اجلاس میں ذیلی کمیٹیاں بنانے کا فیصلہ کیا گیا،کمیٹیاں پنجاب بھر کا ڈیٹا پیش کریں گی۔

مزید خبریں :