25 اپریل ، 2024
وزیر اعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود کا کہنا ہےکہ کون سی فیڈریشن حقیقی ہے اس بات کا فیصلہ انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن (ایف آئی ایچ) کرے گی، جس کو ایف آئی ایچ تسلیم کرے گی حکومت بھی اس کو مانےگی۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن میں متوازی فیڈریشنز کے بحران کو حل کرنے کے لیے وزیر اعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود نے دونوں گروپوں کے نمائندوں سے ملاقات کی۔
رانا مشہود نے فریقین سے الگ الگ ملاقات کی جس میں دونوں کا مؤقف سنا گیا۔
جیو نیوز سےگفتگو میں رانا مشہود کا کہنا تھا کہ حکومت کی اولین ترجیح ہاکی کو جاری رکھنا ہے اس لیے اس بات پر اتفاق ہوا ہےکہ دونوں گروپوں کے علیحدہ علیحدہ کیمپس کو یکجاں کرکے اس میں سے اذلان شاہ کپ کے لیے ٹیم بنائی جائےگی۔
رانا مشہود کا کہنا تھا کہ ٹیم کے انتخاب کے لیے تین رکنی سلیکشن بورڈ تشکیل دیا گیا ہے جس کے سربراہ کوچ رولینٹ اولٹمینز ہوں گے جب کہ اس میں ڈی جی پی ایس بی اور اولمپک ایسوسی ایشن کا ایک نمائندہ بھی شامل ہوگا، دو روزہ ٹرائلز کے بعد ٹیم منتخب ہوگی جو دو مئی کو اذلان شاہ کپ میں شرکت کے لیے ملائیشیا جائےگی۔