دنیا
Time 28 اپریل ، 2024

امریکا میں فلسطینیوں کے حق میں مظاہرے، غزہ کے بے گھر افراد کا طلبہ سے اظہارتشکر

خیموں میں مقیم فلسطینیوں نے اپنے خیموں پر امریکی طلبہ کے لیے شکریے کے پیغامات لکھ دیے— فوٹو: رائٹرز
خیموں میں مقیم فلسطینیوں نے اپنے خیموں پر امریکی طلبہ کے لیے شکریے کے پیغامات لکھ دیے— فوٹو: رائٹرز

مقبوضہ فلسطین کے علاقے غزہ کے بےگھر فلسطینیوں نے امریکی جامعات میں ہونے والے احتجاج پر طلبہ سے اظہار تشکر کیا ہے۔

غزہ میں خیموں میں مقیم فلسطینیوں نے اپنے خیموں پر امریکی طلبہ کے لیے شکریہ کے پیغامات لکھ دیے۔

فلسطینیوں نے اپنے خیموں پر لکھا کہ امریکی جامعات کا شکریہ، ایک اور جگہ لکھا کہ غزہ کی حمایت کرنے والے طلبا کا شکریہ، آپ کا پیغام پہنچ گیا۔

دوسری جانب امریکی جامعات میں فلسطینیوں کی حمایت میں کئی روز سے احتجاج جاری ہے۔

الی نوائے، بوسٹن، ایریزونا اور دیگر جامعات میں اسرائیل کی غزہ میں جنگ کے خلاف سراپا احتجاج مظاہرین کے خلاف کریک ڈاؤن میں مزید 200 طلبہ کو گرفتار کرلیا گیا۔ 

18 اپریل سے اب تک امریکی جامعات سے 700 سے زیادہ مظاہرین گرفتار کیے جاچکے ہیں۔

فلسطینیوں نے اپنے خیموں پر لکھا کہ امریکی جامعات کا شکریہ— فوٹو: رائٹرز
فلسطینیوں نے اپنے خیموں پر لکھا کہ امریکی جامعات کا شکریہ— فوٹو: رائٹرز

امریکی جامعات میں جاری احتجاج کا دائرہ امریکا کے باہر بھی پھیل چکا ہے، گزشتہ دنوں پیرس میں درجنوں طلبہ نے سوربون یونیورسٹی کے باہر احتجاج کیا جب کہ یونیورسٹی میں تقریر کے لیے آئے فرانسیسی صدر سے فلسطینیوں کی مدد کا مطالبہ بھی کیا گیا۔

 آسٹریلیا کی سڈنی یونیورسٹی میں بھی 23 اپریل سے احتجاجی کیمپ قائم ہے۔

وہیں اب اسرائیلی وزیر اعظم بن یامین نیتن یاہو بھی طلبہ کے احتجاجی مظاہروں سے پریشان ہیں۔ گزشتہ دنوں اسرائیلی وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ امریکی جامعات میں جو کچھ ہو رہا ہے وہ خوفناک ہے، یہود مخالف ہجوم نے نامور جامعات پر قبضہ کرلیا ہے، یہود مخالف ہجوم اسرائیل کے خاتمے کا مطالبہ کررہے ہیں اور ہجوم یہودی طلبہ اور فیکلٹیوں پر حملے کررہے ہیں۔

نیتن یاہو کا کہنا تھا کہ  اس سلسلے کو روکنا ہوگا، امریکی جامعات کےکئی صدور کا ردعمل شرمناک ہے۔

مزید خبریں :