29 اپریل ، 2024
کراچی میں بی آر ٹی کا ریڈ لائن منصوبہ تاخیر کا شکار ہے۔
ایشیائی ترقیاتی بینک سمیت دیگر عالمی اداروں کے اشتراک سے شروع ہونے والا 50 کروڑ ڈالر کا یہ منصوبہ 2024 میں مکمل ہونا تھا، منصوبے کے تحت ملیر ہالٹ سے نمائش تک 24 کلومیٹر طویل سڑک بننی تھی۔
منصوبے پر کئی ماہ سے ترقیاتی کام بند ہے، بتایا جا رہا ہے کہ ٹھیکے داروں کی جانب سے کام بند کیا گیا ہے جس کی سب سے بڑی وجہ ڈالر کی بڑھتی ہوئی قیمت اور مہنگائی کا طوفان ہے۔
منصوبے کی ابتدائی لاگت کا تخمینہ 79 ارب روپے تھا جو موجودہ ایکسچینج ریٹ کے مطابق 139 ارب روپے تک جا پہنچا ہے۔
انتظامیہ نے دعویٰ کیا ہے کہ ٹھیکے داروں سے معاہدہ ہو گیا ہے، مئی کے پہلے ہفتے میں کام شروع ہو جائے گا۔
نئے معاہدے کے مطابق 30 ارب روپے کی لاگت سے بننے والی سڑک میں تقریباً 6 ارب 35 کروڑ روپے کا فرق آئے گا۔
منصوبے میں تاخیر اور تعمیراتی کام کی وجہ سے یونیورسٹی روڈ پر ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہوتی ہے، پانی، بجلی، کمیونیکیشن اور گیس سے متعلق تنصیبات کی منتقلی بھی منصوبے میں تاخیر کی ایک بڑی وجہ ہے۔