ارجیت سنگھ کانسرٹ میں ماہرہ خان کو پہچان نہ سکے، ویڈیو وائرل

بھارتی نامور گلوکار ارجیت سنگھ کانسرٹ میں پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان کو پہچان نہ سکے جس کے بعد انہوں نے اداکارہ سے معافی بھی طلب کی۔

دبئی میں ہونے والے میوزیکل کانسرٹ میں پاکستانی اور بھارتی فنکاروں کے درمیان پیش آیا دلچسپ واقعہ کیمرے کی آنکھ میں محفوظ ہوگیا جس کی ویڈیوز سوشل میڈیا کی زینت بنی ہوئی ہیں۔

ماہرہ خان ان دنوں ایمی گالہ ایوارڈز کے سلسلے میں دبئی میں موجود ہیں، اسی دوران انہیں گزشتہ روز  ارجیت سنگھ کے کانسرٹ میں دیکھا گیا جس میں بھارتی گلوکار یہ اعتراف کرتے ہیں کہ وہ کانسرٹ میں موجود سیکڑوں شائقین کے درمیان موجود ماہرہ خان کو پہچان نہیں سکے۔

لیکن انہیں جیسے ہی اندازہ ہوا کہ شائقین کے درمیان پاکستانی سپر اسٹار موجود ہیں تو انہوں نے کانسرٹ کے دیگر شرکا کو بھی ان سے متعارف کروایا اور ساتھ ہی شناخت میں تاخیر پر معافی بھی مانگ لی۔

وائرل ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ بھارتی گلوکار اچانک اپنا کانسرٹ روک دیتے ہیں اور وہاں موجود سامعین سے مخاطب ہوکر کہتے ہیں کہ ’آپ کو یہ جان کر حیرانی ہوگی کہ آج ہمارے درمیان کون موجود ہے، آئیے انہیں اچھے انداز میں متعارف کرواتے ہیں، کیا ہم ان کی جانب کیمرہ کرسکتے ہیں'۔

ارجیت سنگھ اپنی بات جاری رکھتے ہوئے مزید کہتے ہیں کہ میں انہیں پہچاننے کی کوشش کر رہا تھا، پھر مجھے یاد آیا کہ میں نے تو ان کے لیے گانا گایا، خواتین و حضرات ہمارے درمیان ماہرہ خان موجود ہیں، جو میرے سامنے بیٹھی ہیں۔

گلوکار نے مزید کہا کہ میں ابھی ان ہی کی فلم کا گانا ’ظالمہ‘ گا رہا تھا اور یہ میرے ساتھ کھڑی ہوکر گنگنا رہی تھیں اور میں انہیں پہچان نہ سکا جس پر میں ان سے معذرت خواہ ہوں، آپ کا بہت بہت شکریہ۔

اس موقع پر ماہرہ خان نے سیاہ لباس کا انتخاب کیا جو ان کی خوبصورتی میں مزید اضافہ کر رہا تھا۔

دوسری جانب ماہرہ نے بھی اس کانسرٹ کی مختصر ویڈیو اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ سے بھی شیئر کی اور بھارتی گلوکار ارجیت سنگھ کی عاجزی کی خوب تعریف کی۔

مزید خبریں :