29 اپریل ، 2024
پاکستان تحریک انصاف( پی ٹی آئی) کے سینیئر رہنما اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے9 مئی کی تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن بنانے کا مطالبہ کر دیا۔
قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئےرہنما تحریک انصاف اسد قیصر نے کہا کہ لگتا ہے کہ 9 مئی محسن نقوی اور آئی جی پنجاب کا کیا دھرا ہے۔
اسد قیصر نے کہا کہ بتایا جائے کیا ملک میں آئین معطل ہے؟، کیا یہ ملک آزاد ہے یا یہاں مارشل لاء لگا ہے؟، ملک کے 3 وزیر اعظم ہیں، ایک شہباز شریف، دوسرا اسحاق ڈار اور تیسرا محسن نقوی۔
اس کے علاوہ اسد قیصر نے کراچی سے منتخب ارکان کو مسترد شدہ قرار دے دیا۔ان کے ریمارکس پر ایم کیو ایم کے ارکان نے قومی اسمبلی میں احتجاج کیا۔
دوسری جانب اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے واضح پیغام دیا تھا کسی چیز پر کوئی سمجھوتا نہیں کرنا، اسٹیبلشمنٹ سے متعلق بیان کسی کی ذاتی رائے ہوسکتی ہے،اسٹیبلشمنٹ سے مذاکرات کے لیے بنائی گئی3 رکنی کمیٹی کا مجھے علم نہیں۔