30 اپریل ، 2024
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نےکچے میں فوج سے آپریشن کی گیند سندھ حکومت کی کورٹ میں ڈال دی۔
سکھر میں نادرا آفس کے دورے کے موقع پر میڈیا سےگفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی کا کہنا تھا کہ صدر مملکت کی صدارت میں ہونے والے اجلاس میں کراچی اور کچے میں امن و امان کی صورتحال کے مسائل کا حل نکالا جائےگا۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ سیاست کرنے کا وقت نہیں کام کرنے کا وقت ہے اور ہمیں کام کرکے دکھانا ہوگا، میں خود یہاں صورتحال کا جائزہ لینے آیا ہوں، سکھر میں پاسپورٹ اور نادرا کے حوالے سے مشکلات ہیں، ان کو بھی حل کریں گے، سکھر کا پاسپورٹ آفس جو 2007 سے زیر تعمیر ہے وہ 6 ماہ میں تعمیر کرکے عوام کو دیں گے اور نادرا کے آفس کے حوالے سے بھی مسئلہ حل کریں گے۔
اس موقع پر صحافی نے سوال کیا کہ کیا کچے میں آپریشن کے لیے آرمی کو طلب کیا جاسکتا ہے؟ اس پر محسن نقوی کاکہنا تھا کہ جوصوبائی حکومت کہےگی اسے پورا سپورٹ کریں گے، سندھ میں قیام امن کے لیے صوبائی حکومت کی ہر معاونت کو تیار ہیں۔