فیکٹ چیک: سعد رفیق نے عمران خان کے عہدے سے ہٹائے جانے کو 'سازش' نہیں کہا

آن لائن گردش کرنے والی تقریر خواجہ سعد رفیق نے 2022 میں کی تھی۔

سوشل میڈیا کے مختلف پلیٹ فارمز پر گردش کرنے والی ایک ویڈیو میں مبینہ طور پر پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما خواجہ سعد رفیق کو دکھایا گیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان کو ایک سازش کے نتیجے میں عہدے سے ہٹایا گیا تھا۔ سعد رفیق کو 2018 سے 2022 تک کےعمران خان کے دور کی تعریف کرتے ہوئے بھی سنا جا سکتا ہے۔

تاہم، ویڈیو کو غلط بیانیہ دینے کے لیے تبدیل کیا گیا ہے۔

دعویٰ

23 اپریل کو ایکس، (سابقہ ٹوئٹر) پر ایک صارف نے 17 سیکنڈ کی ویڈیو شیئر کی جس میں ایک کیپشن کے ساتھ دعویٰ کیا گیا کہ سینئر سیاستدان خواجہ سعد رفیق نے 2022 میں عمران خان کو عہدے سے ہٹانے کو ”سازش“ قرار دیا ہے۔

صارف نے لکھا : ”عمران خان کو سازش کے تحت ہٹایا گیا، عمران خان کا کیا گنا ہ تھا کہ وہ جدید پاکستان بنا رہا تھا، اس نے میرٹ کی پاسبانی کی، اس نے پاکستان کی تاریخ کی بہترین GDP دی، کوئی کسی کو مائنس نہیں کرسکتا، عمران خان ایک حقیقت ہے۔“

اس اکاؤنٹ نے ایک ویڈیو بھی شیئر کی ہے اس میں مبینہ طور پر سعد رفیق یہ ریمارکس دے رہے ہیں۔

اسی طرح کے دعووں نے فیس بک، یوٹیوب اور ٹک ٹاک پر توجہ حاصل کی۔

حقیقت

آن لائن گردش کرنے والی تقریر خواجہ سعد رفیق نے 2022 میں کی تھی اور یہ حالیہ نہیں ہے۔ یہ غلط تاثر دینے کے لیے ویڈیو کلپس کو ایڈٹ کر کے اکٹھا کیا گیا ہے کہ سعد رفیق سابق وزیر اعظم عمران خان کی تعریف کر رہے ہیں۔

حقیقت میں، سعد رفیق کی اصل تقریر خان کی حکمرانی پر تنقید کرتی ہے اور 2013 اور 2022 میں ان کی اپنی سیاسی جماعت، پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت سے موازنہ کرتی ہے۔

گوگل پر ریورس امیج سرچ سے پتہ چلتا ہے کہ ویڈیو ابتدائی طور پر 26 دسمبر 2022 کو آن لائن اپ لوڈ کی گئی تھی۔ خبروں کے مطابق خواجہ سعد رفیق نے لاہور میں اپنے والد کی برسی کی یاد میں ایک تقریب میں یہ تقریر کی۔

اسی دن دو پاکستانی نیوز چینلز نے تقریر نشر کی، جسے اب بھی ان کے متعلقہ یوٹیوب چینلز پر یہاں اور یہاں دیکھا جا سکتا ہے۔

اپنی تقریر میں خواجہ رفیق بار بار سابق وزیر اعظم عمران خان کے دور حکومت پر تنقید کرتے ہوئے یہ کہتے ہیں کہ عمران خان اپریل 2022 میں عدم اعتماد کے ذریعے بے دخل ہونے کے بعد دوبارہ اقتدار حاصل کرنے کے لیے غیر آئینی طریقے تلاش کر رہے ہیں۔

وہ 2017 میں سابق وزیراعظم نواز شریف کی نااہلی کی بھی مذمت کرتے ہیں، اسے عمران خان کی صورتحال سے متصادم قرار دیتے ہیں۔

سعد رفیق کے اصل الفاظ یہ ہیں: ”نواز شریف کو ڈس کوالیفائی کیا، سازش کے تحت کیا، کیا کیا تھا نواز شریف نے؟ کیا گناہ تھا نواز شریف کا کہ وہ جدید پاکستان بنا رہا تھا؟ ا س نے میرٹ کی پاسبانی کی، وہ پاکستان میں 5.8 جی ڈی پی لے کے آیا نواز شریف، ہر جدت جو اس ملک میں وہ نواز شریف اور شہباز شریف لے کے آئے۔“

ویڈیو کے کلپس اور اس کی آڈیو کو ایک ساتھ ایڈٹ کیا گیا تاکہ یہ غلط تاثر پیدا کیا جا سکے کہ خواجہ رفیق عمران خان کی الیکشن لڑنے سے نااہلی پر بات کر رہے ہیں۔

ہمیں@GeoFactCheckپر فالو کریں۔

اگرآپ کو کسی بھی قسم کی غلطی کا پتہ چلے تو [email protected] پر ہم سے رابطہ کریں۔