01 فروری ، 2013
اسلام آباد…مسلم لیگ ن نے نئے صوبے کے معاملہ پر قومی اسمبلی میں تحریک استحقاق جمع کرا دی ہے ، جس میں کہا گیا ہے کہ نئے صوبوں کے بارے میں قائم کمیشن متنازع ہے،قومی اسمبلی اور سینٹ میں اپوزیشن لیڈرز سے مشاورت بھی نہیں کی گئی۔ مسلم لیگ ن کے ارکان کی طرف سے جمع کرائی گئی تحریک استحقاق میں کہاگیاہے کہ کمیشن میں نہ صرف مسلم لیگ ن کے ارکان کی تعداد کم رکھی گئی بلکہ اپوزیشن لیڈرز سے مشاورت بھی نہیں کی گئی، جنوبی پنجاب کے علاوہ دیگر متعلقہ علاقوں کے کسی نمائندے کو بھی کمیشن میں شامل نہیں کیا گیا۔ ایوان صدر میں سرکاری عہدہ رکھنے والے شخص کو کمیشن کا سربراہ بنایا گیا، اس کی رپورٹ سے حکومت کی غیر سنجیدہ نیت کا اظہار ثابت ہوا ہے، کمیشن کی رپورٹ نہ صرف صدارتی حکم کے برعکس بلکہ پنجاب اسمبلی کی دو صوبے قائم کرنے کی قرارداد کے بھی خلاف ہے۔ تحریک استحقاق میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ ایوان کا استحقاق مجروح کرنے والے تمام افراد کے خلاف فوری کارروائی کی جائے۔