مردوں کے مقابلے میں خواتین زیادہ عرصے تک خراب صحت کیساتھ زندگی گزارتی ہیں، تحقیق

یہ انکشاف ایک نئی طبی تحقیق میں کیا گیا / فائل فوٹو
یہ انکشاف ایک نئی طبی تحقیق میں کیا گیا / فائل فوٹو

طویل عرصے سے مانا جاتا ہے کہ مردوں کے مقابلے میں خواتین کی اوسط عمر زیادہ ہوتی ہے۔

مگر اب سائنسدانوں نے انکشاف کیا ہے کہ مردوں سے زیادہ لمبی عمر پانے کے باوجود خواتین کو زیادہ طویل عرصے تک خراب صحت کا سامنا ہوتا ہے۔

یہ بات ایک نئی طبی تحقیق میں سامنے آئی۔

لانسیٹ پبلک ہیلتھ جرنل میں شائع تحقیق میں بتایا گیا کہ مردوں کے مقابلے میں خواتین کو زیادہ عرصے تک امراض اور معذوری کا سامنا ہوتا ہے۔

درحقیقت گزشتہ 3 دہائیوں کے دوران مردوں اور خواتین کی صحت کے درمیان یہ خلا مزید بڑھ گیا ہے۔

ذہنی صحت کے مسائل، سردرد اور ہڈیوں سے متعلق امراض خواتین کو بہت زیادہ متاثر کرتے ہیں۔

اس کے مقابلے میں مردوں میں قبل از وقت موت کا باعث بننے والی بیماریوں جیسے امراض قلب، نظام تنفس اور جگر کے امراض، کووڈ 19 اور ٹریفک حادثات کی شرح زیادہ ہوتی ہے۔

عمر میں اضافے کے ساتھ خواتین اور مردوں کی صحت میں فرق بھی بڑھتا ہے، چونکہ خواتین کی اوسط عمر مردوں سے زیادہ ہوتی ہے تو انہیں اپنی زندگی میں زیادہ برسوں تک بیماریوں اور معذوری کا سامنا ہوتا ہے۔

محققین نے بتایا کہ نتائج سے واضح ہوتا ہے کہ گزشتہ 30 برسوں کے دوران عالمی سطح پر صحت کے شعبے میں زیادہ اچھی پیشرفت نہیں ہوئی۔

انہوں نے مزید بتایا کہ خواتین کی اوسط عمر ضرور زیادہ ہے مگر انہیں زندگی کے متعدد سال خراب صحت کے ساتھ گزرنے پڑتے ہیں، اس مسئلے کی روک تھام کے لیے ہونے والی پیشرفت محدود ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ عام امراض خواتین کے جسمانی اور ذہنی افعال کو محدود کر دیتے ہیں جبکہ مردوں میں جان لیوا امراض کی شرح بڑھ رہی ہے۔

اس تحقیق میں ہر عمر اور خطے سے تعلق رکھنے والے مردوں اور خواتین میں 20 بڑے امراض اور اموات کی شرح کی جانچ پڑتال کی گئی۔

اس مقصد کے لیے 2021 کی ایک تحقیق کے ڈیٹا کا جائزہ لیا گیا اور دریافت ہوا کہ 20 میں سے 13 امراض کی شرح خواتین کے مقابلے میں مردوں میں زیادہ ہوتی ہے۔

اس کے مقابلے میں خواتین کو کمر درد، ڈپریشن، سردرد، انزائٹی، ہڈیوں اور مسلز کے امراض، الزائمر اور ایچ آئی وی ایڈز کا زیادہ سامنا ہوتا ہے۔

عموماً یہ امراض جان لیوا ثابت نہیں ہوتے جس کے نتیجے میں خواتین کو زیادہ لمبے عرصے تک خراب صحت کے ساتھ زندگی گزارنا پڑتی ہے۔

محققین کے مطابق ڈپریشن ایسا عارضہ ہے جس کا سامنا دنیا بھر کی خواتین کو زیادہ ہوتا ہے مگر اس کی روک تھام کے لیے زیادہ کوششیں نہیں کی جا رہیں۔

مزید خبریں :