دنیا
Time 02 مئی ، 2024

امریکی جامعات میں ہونے والے احتجاج پر بائیڈن کا ردعمل سامنے آگیا

امریکی صدر نے کہا کہ ہم جامعات کے احتجاج سے مشرق وسطیٰ میں اپنی پالیسیوں پر نظرثانی کے لیے مجبور نہیں ہوئے—فوٹو: رائٹرز
امریکی صدر نے کہا کہ ہم جامعات کے احتجاج سے مشرق وسطیٰ میں اپنی پالیسیوں پر نظرثانی کے لیے مجبور نہیں ہوئے—فوٹو: رائٹرز

غزہ میں اسرائیلی مظالم کے خلاف امریکی جامعات میں جاری احتجاجی مظاہروں  پر امریکی صدر بائیڈن کا ردعمل سامنے آگیا۔

امریکی صدر جو بائیڈن کا کہنا ہے کہ کالج کیمپس مظاہروں میں آزادی اظہار اور قانون کی حکمرانی برقرار رہنی چاہیے، مظاہروں میں اظہار رائے کی آزادی اور قانون کی بالادستی کا احترام ہونا چاہیے۔ 

صدر بائیڈن نے کہا کہ ہم آمرانہ قوم نہیں جہاں لوگوں کو خاموش کرایا جائے اور اختلاف کو دبایا  جائے، ہمارا  لاقانونیت والا ملک بھی نہیں ہے، ہم سول سوسائٹی ہیں جہاں امن و امان برقرار  رہنا چاہیے۔

امریکی صدر نے مزید کہا کہ ہم جامعات کے احتجاج سے مشرق وسطیٰ میں اپنی پالیسیوں پر نظرثانی کے لیے مجبور نہیں ہوئے۔

خیال رہے کہ امریکا میں امریکی جامعات میں غزہ میں اسرائیلی جارحیت کے خلاف طلبہ کے احتجاجی مظاہرے جاری ہیں، جن میں طلبہ اپنی جامعات سے مطالبہ کررہے ہیں کہ وہ اسرائیلی جامعات کے ساتھ شراکت داری ختم کریں اور اسرائیلی کمپنیوں میں کی گئی سرمایہ کاری نکال لیں۔

امریکا کی کولمبیا یونیورسٹی اور یونیورسٹی آف کیلیفورنیا میں طلبہ کا احتجاج ختم کروانے کے لیے پولیس کو طلب کیا گیا، جہاں پولیس نے درجنوں طلبہ کو گرفتار کرلیا۔

امریکی جامعات میں 18 اپریل سے جاری غزہ کے لیے احتجاج میں اب تک 1100 سے زائد مظاہرین گرفتار ہوچکے ہیں۔

مزید خبریں :