03 مئی ، 2024
چاند پر پاکستان کا پہلا سیٹلائٹ مشن بھیجنے کی تیاریاں مکمل کرلی گئیں۔
انسٹیٹیوٹ آف اسپیس ٹیکنالوجی کی کور کمیٹی کے رکن ڈاکٹر خرم خورشید نے جیو نیوز سےگفتگو کرتے ہوئےکہا کہ خلائی مشن آج 3 مئی کو دن 12 بج کر 50 منٹ پر بھیجا جائےگا۔
ڈاکٹر خرم خورشید کا کہنا تھا کہ یہ مشن چین کے ہینان اسپیس لانچ سائٹ سے خلا میں بھیجا جائےگا، سیٹلائٹ آئی کیوب قمرکی لانچ کو ویب سائٹ سے براہ راست ٹیلی کاسٹ بھی کیا جائے گا۔
انہوں نے بتایا کہ آئی کیوب قمرکا ڈیزائن اور ڈیویلپمنٹ چین اور سپارکو کے اشتراک سے تیار کیا گیا ہے، چاند کی تصاویر بنانے کے لیے آئی کیوب قمر میں دو کیمرے نصب ہیں۔
ڈاکٹر خرم کے مطابق سیٹلائٹ سے چاند کی سطح کی تصاویر چین کے ڈیپ اسپیس نیٹ ورک کے ذریعے حاصل کی جائیں گی۔
2022 میں چینی نیشنل اسپیس ایجنسی نے ایشیا پیسیفک اسپیس کارپوریشن آرگنائزیشن (ایپسکو) کے ذریعے رکن ممالک کو چاند کے مدار تک مفت پہنچنے کا منفرد موقع فراہم کیا تھا۔
ڈاکٹر خرم خورشید نے بتایا کہ ایپسکو کی پیش کش پر رکن ممالک نے اپنے منصوبے بھیجے تھے، ایپسکو کے رکن ممالک میں پاکستان، بنگلا دیش، چین، ایران، پیرو، جنوبی کوریا، تھائی لینڈ اور ترکی شامل ہیں۔
پاکستان کی جانب سے انسٹی ٹیوٹ آف اسپیس ٹیکنالوجی نے بھی مجوزہ منصوبہ جمع کرایا تھا، 8 ممالک میں سے صرف پاکستان کے منصوبے کو قبول کیا گیا، دو سال کی محنت کے بعد سیٹلائٹ ’آئی کیوب قمر‘ کو مکمل کیا جاسکا۔