وزیر داخلہ اور وزیر ایوی ایشن کا لاہور ائیرپورٹ کا دورہ، امیگریشن مسائل فوری حل کرنے کا حکم

لاہور: وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی اور وزیر ایوی ایشن خواجہ آصف نے لاہورائیرپورٹ کا دورہ کیا جہاں وفاقی وزرا نے ائیرپورٹ پر مسافروں کے لیے موجود سہولتوں پر عدم اطمینان کا اظہار کیا۔

وفاقی وزراء نے امیگریشن کاؤنٹرز پر مسافروں کے لیے انتظامات کاجائزہ لیا جس پر وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے امیگریشن کے مسائل کے فوری حل اور مسافروں کیلئے سہولیات بڑھانے، مسافروں کی تلاشی کے عمل کو آسان اور تیز کرنے کا حکم دیا۔

اس دوران وفاقی وزرا کی زیر صدارت لاہور ائیرپورٹ کے کانفرنس روم میں اجلاس بھی ہوا جس میں وزرا نے اے ایس ایف، اے این ایف اور کسٹمز کے حکام سے سرچ کو سہل بنانے کا پلان طلب کیا اور قابل عمل پلان اگلے 24 گھنٹے میں تیار کرکے پیش کرنے کی ہدایت کی۔

اس دوران وفاقی وزرا کو ائیرپورٹ پر مسافروں کی سہولت کیلئے اقدامات پر بریفنگ دی گئی جس پر وفاقی وزرا نے متعلقہ حکام کو مسافروں کیلئے سہولیات بڑھانےکیلئے ضروری ہدایات دیں۔

وفاقی وزیر برائے ایوی ایشن خواجہ آصف نے کہا کہ لاہورائیرپورٹ پر تجربے کے بعد سرچ کا عمل دیگر ائیرپورٹس پر شروع کرینگے، ائیرپورٹس پر مسافروں کی آمدورفت سہل بنانے کیلئے فوری اقدامات کی ضرورت ہے۔

علاوہ ازیں وزیرداخلہ نے بیرون ملک آمد اور روانگی ٹرمینل پر امیگریشن کےکاؤنٹرز میں اضافے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ مسافروں کو انتظار سے بچانے کیلئے فوری امیگریشن کاؤنٹرز بڑھائے جائیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ 3 روز میں امیگریشن کاؤنٹرز میں اضافے کا حتمی پلان پیش کیا جائے، امیگریشن کاؤنٹرز بڑھنے سے مسافروں کو انتظار سے نجات ملے گی، مسافروں کی زیادہ سے زیادہ سہولیات کیلئے آؤٹ آف باکس اقدامات کیے جائیں۔

مزید خبریں :