Time 03 مئی ، 2024
پاکستان

صدر اور وزیر اعظم کی چاند پر پاکستان کا پہلا خلائی مشن بھیجنے پر سائنسدانوں کو مبارکباد

پاکستان کو خلابازی کے شعبے میں ترقی کی مزید منازل طے کرنی ہیں: صدر مملکت
پاکستان کو خلابازی کے شعبے میں ترقی کی مزید منازل طے کرنی ہیں: صدر مملکت

صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیر اعظم شہباز شریف نے چاند پر پہلا پاکستانی خلائی مشن بھیجنے پر سائنسدانوں کو مبارکباد دی ہے۔ 

صدر مملکت آصف علی زرداری نے  اسپارکو اور چین کی قومی اسپیس انتظامیہ کوبھی مبارکباد دی ہے۔

صدر مملکت کا کہنا تھا کہ آئی کیوب قمرکی کامیاب لانچنگ پاکستان کےخلائی پروگرام کے لیے سنگ میل ثابت ہوگی، پوری پاکستانی قوم کو اس اہم خلائی کامیابی پر فخر ہے۔

صدر مملکت نے خلابازی کے شعبے میں پاکستان اورچین کے تعاون کو سراہا، ان کا کہنا تھا کہ  پاکستان کو خلابازی کے شعبے میں ترقی کی مزید منازل طے کرنی  ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف  نے بھی سیٹلائیٹ مشن ’آئی کیوب قمر‘ بھیجنے پر قوم اور سائنسدانوں کو مبارکباد دی ہے ۔

اپنے ایک بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ ’آئی کیوب قمر‘ خلا میں پاکستان کا پہلا قدم ہے، جوہری میدان کی طرح یہاں بھی ہمارے سائنسدان اور انجینئرز اپنی صلاحیتیں منوا رہے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ وہ انسٹیٹیوٹ آف اسپیس ٹیکنالوجی کی کورکمیٹی اور اسپارکو کی ٹیم کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

اس کے علاوہ وزیر اعظم نے کہا کہ پاک چین دوستی خوشبوں کی سرحد سے آگے آج خلاؤں کی سرحد بھی پار کرچکی ہے ، اس اہم کامیابی سے پاکستان خلا کے با مقصد استعمال کے نئے دور میں داخل ہو گیا ہے ۔

وزی اعظم نے کہا کہ  یہ کامیابی سیٹلائٹ کمیونیکیشن کے شعبے میں پاکستان کی صلاحیتوں کو بڑھائے گی، اللہ تعالیٰ نے چاہا تو 28 مئی 1998 کی طرح خلاؤں اور معاشی بلندی کو بھی پہنچیں گے۔

مزید خبریں :