05 مئی ، 2024
اسلام آباد: سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی خصوصی ہدایت پر سعودی عرب کے سرمایہ کاروں کا اعلیٰ سطح کا وفد پاکستان پہنچ گیا۔
سعودی وفد میں 30سے زائد کمپنیوں کے سرمایہ کار شامل ہیں، وفاقی وزرا مصدق ملک اور جام کمال نے سعودی وفدکا استقبال کیا۔
سعودی وفد میں ٹیکنالوجی، توانائی، ہوابازی، تعمیرات، مائننگ اور ہیومن ریسورسز سمیت مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی 30 کمپنیوں کے نمائندے شامل ہیں۔
تین روزہ پاک سعودی سرمایہ کاری کانفرنس بھی آج سے اسلام آباد میں شروع ہوگی جس میں توانائی، خوراک، کیمیکل، گوشت اور کان کنی پر بھی معاہدے متوقع ہیں۔
سعودی وفد ولی عہد محمد بن سلمان کو دورے اور سرمایہ کاری سے متعلق بریفنگ دے گا۔
وفاقی وزیر تجارت جام کمال کا کہنا ہے کہ پہلی بار دونوں ممالک کے سرمایہ کاروں کے درمیان تجارتی معاملات براہ راست طے کیے جائیں گے۔