Time 06 مئی ، 2024
پاکستان

کراچی کی عدالت کا گداگروں کے خلاف کارروائی کا حکم

گداگروں اور ان کے سہولتکاروں کو گرفتارکرکے قانونی کارروائی کی جائے: عدالت__فوٹو: فائل
گداگروں اور ان کے سہولتکاروں کو گرفتارکرکے قانونی کارروائی کی جائے: عدالت__فوٹو: فائل

کراچی کی مقامی عدالت نے خاتون کی شکایت پر گداگروں کے خلاف کارروائی کا حکم دے دیا۔

کراچی کے ایڈیشنل سیشن جج غربی نے شہر کی شاہراہوں اور ٹریفک سگنلز پر گداگروں کی بھرمار کے خلاف کیس کی سماعت کی جس میں عدالت نے شہر بھر میں سگنلز پر موجود گداگروں کے خلاف کریک ڈاؤن کا حکم دیا۔

عدالت نے کہا کہ گداگروں اور ان کے سہولتکاروں کو گرفتارکرکے قانونی کارروائی کی جائے۔

ایڈیشنل سیشن جج نے کہا کہ گداگری کو کاروباری نیٹ ورک بنانے والوں کے خلاف بھی کارروائی کی جائے، عدالتی حکم پر شہر بھر میں گداگری کے خلاف کاروائی کرکے تفیصلی رپورٹ پیش کی جائے  جب کہ عدالتی حکم پر عملدر آمد کی ذمہ داری کراچی پولیس چیف سمیت، ڈی آئی جی شرقی اور غربی زون کی ہے۔

عدالت کا کہنا تھا کہ تمام افسران عدالتی حکم پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں، ایڈیشنل آئی جی کراچی اس حوالے سے فوکل پرسن کی تقرری اورکارروائی کی رپورٹ ہر ماہ پیش کریں،گداگری کے خلاف قائم ادارے کو فعال بنایا جائے۔

عدالت نے ڈی جی چائلڈ پروٹیکشن بیورو کو ہدایت دی کہ بچوں سے گداگری روکنے کے لیے پولیس سے تعاون کیا جائے،کارروائی کے لیے پولیس اور چائلڈ پروٹیکشن بیورو، محکمہ سوشل ویلفیئر سمیت دیگر اسٹیک ہولڈرز کو آن بورڈ لیا جائے۔

عدالت نے ریمارکس دیے کہ معاشی مجبوری سمیت ہیومن ٹریفکنگ جیسی گداگری کی وجوہات کو بھی ختم کیا جائے۔

مزید خبریں :