06 مئی ، 2024
کیا آپ کو اپنے اینڈرائیڈ فون میں گوگل میپس پہلے کے مقابلے میں مختلف محسوس ہو رہا ہے؟ اگر ہاں ایسا صرف آپ کے ساتھ ہی نہیں ہو رہا۔
درحقیقت گوگل میپس کو ری ڈیزائن کیا جا رہا ہے اور یہ نیا ڈیزائن کچھ اینڈرائیڈ صارفین کو دستیاب ہے۔
خیال رہے کہ فروری 2024 میں گوگل میپس کے نئے ڈیزائن کی جھلک دیکھنے میں آئی تھی اور اب چند صارفین اسے استعمال کر رہے ہیں۔
9 ٹو 5 گوگل کی رپورٹ کے مطابق نئے ڈیزائن میں میپس کے متعدد فل اسکرین پینلز میں اب میپ بیک گراؤنڈ میں نظر آئے گا، جس سے مختلف تفصیلات کو ایک ساتھ دیکھنا ممکن ہوگا۔
ان پینلز کے کونے اب زیادہ گول ہوں گے جبکہ شیئرنگ یا کلوزنگ بٹن اسکرین پر نظر آئیں گے۔
مگر سب سے بڑی تبدیلی ڈائریکشنز کے حوالے سے کی جا رہی ہے۔
کسی سفر کے آغازاور اختتامی پوائنٹس اپ میپ کے اوپر نظر آئیں گے جبکہ اسکرین کے نیچے پیدل، گاڑی یا بائیک وغیرہ سے کیے جانے والے سفر کی تفصیلات کو دیکھنا بھی ممکن ہوگا۔
گوگل کی جانب سے فی الحال ڈیزائن کے حوالے سے کوئی باضابطہ اعلان نہیں کیا گیا اور ابھی یہ تمام صارفین کو دستیاب نہیں۔
مگر کمپنی کی جانب سے کئی ماہ سے اس کی آزمائش کی جا رہی ہے تو امکان یہی ہے کہ یہ ڈیزائن بہت جلد صارفین کے لیے متعارف کرا دیا جائے گا۔
14 مئی کو گوگل کی سالانہ ڈویلپر کانفرنس کے موقع پر اس حوالے سے باضابطہ اعلان کی توقع ہے۔