29 فروری ، 2024
گوگل میپس میں آخر کار ایک ایسا فیچر صارفین کے لیے متعارف کرا دیا گیا ہے جس کا اعلان کمپنی کی جانب سے ایک سال قبل کیا گیا تھا۔
گلانس ایبل ڈائریکشنز نامی اس فیچر کا اعلان گوگل کی جانب سے فروری 2023 کیا گیا تھا۔
اب ایک سال بعد اسے آئی او ایس اور اینڈرائیڈ صارفین کے لیے متعارف کرایا گیا ہے۔
گلانس ایبل ڈائریکشنز فیچر بنیادی طور پر گوگل میپس کے نیوی گیشن موڈ کو آٹومیٹک اپ ڈیٹس اور جی پی ایس ڈائریکشنز سے جوڑ دے گا۔
کمپنی کے مطابق اس سے صارفین کو راستوں کی اپ ٹو ڈیٹ تفصیلات میسر آسکیں گی۔
درحقیقت اس فیچر کو استعمال کرنے کے لیے فون ان لاک کرکے گوگل میپس ایپ کو اوپن کرنے کی بھی ضرورت نہیں۔
کمپنی نے بتایا کہ ڈیوائس کی لاک اسکرین پر یہ فیچر سسٹم نوٹیفکیشنز کے ذریعے نظر آئے گا جبکہ راستہ بدلنے پر میپس کی جانب سے روٹ کو خودکار طور پر اپ ڈیٹ کیا جائے گا۔
یعنی اگر آپ سفر کے دوران کسی وجہ سے مختلف سمت کا انتخاب کرتے ہیں تو راستے کے بارے میں اپ ڈیٹس فراہم کی جائیں گی۔
یہ فیچر چہل قدمی کے ساتھ ساتھ گاڑی یا موٹرسائیکل کو چلاتے ہوئے بھی استعمال کیا جا سکے گا۔
اس فیچر کو محفوظ اور بہتر نیوی گیشن کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے تاکہ سفر کرتے ہوئے فون کا استعمال محدود کیا جا سکے۔
یہ فیچر آپ کو خود ان ایبل کرنا ہوگا جس کے لیے میپس ایپ کی سیٹنگز میں جاکر نیوی گیشن سیٹنگز میں جائیں اور گلانس ایبل ڈائریکشنز کے آپشن کو ٹرن آن کر دیں۔