پاکستان میں رواں برس مجموعی کھپت سے 18 لاکھ ٹن زیادہ گندم پیدا ہوگی: ذرائع محکمہ خوراک

رواں برس چاروں صوبوں کا گندم پیداواری ہدف 3 کروڑ 21 لاکھ ٹن مقرر کیا گیا ہے لیکن رواں برس 2 کروڑ 96 لاکھ ٹن گندم کی پیداوار متوقع ہے: ذرائع/ فائل فوٹو
رواں برس چاروں صوبوں کا گندم پیداواری ہدف 3 کروڑ 21 لاکھ ٹن مقرر کیا گیا ہے لیکن رواں برس 2 کروڑ 96 لاکھ ٹن گندم کی پیداوار متوقع ہے: ذرائع/ فائل فوٹو

لاہور: ذرائع محکمہ خوراک کا کہنا ہےکہ پاکستان میں رواں برس مجموعی کھپت سے 18 لاکھ ٹن زیادہ گندم پیدا ہوگی۔

ذرائع کے مطابق  پاکستان میں ہر شہری سالانہ 115 کلو آٹا کھاتا ہے اور پاکستان میں سالانہ 2 کروڑ 80 لاکھ ٹن گندم کی کھپت ہے جب کہ رواں برس چاروں صوبوں کا گندم پیداواری ہدف 3 کروڑ 21 لاکھ ٹن مقرر کیا گیا ہے لیکن رواں برس 2 کروڑ 96 لاکھ ٹن گندم کی پیداوار متوقع ہے۔

ذرائع کا بتانا ہےکہ پنجاب کو 12 کروڑ 78 لاکھ لوگوں کیلئے ایک کروڑ 47 لاکھ ٹن گندم کی ضرورت ہے اور پنجاب کو بیج کےلیے 8 لاکھ 72 ہزار ٹن گندم کی ضرورت ہے جب کہ پنجاب کی گندم کی ضرورت ایک کروڑ 55 لاکھ 55 ہزار ٹن ہے۔

 ذرائع محکمہ خوراک کے مطابق پنجاب کا پیداواری ہدف 2 کروڑ 41 لاکھ، سندھ کا 44 لاکھ ٹن مقرر کیا گیا جب کہ خیبرپختونخواکا 14 لاکھ اور بلوچستان کا 13 لاکھ ٹن مقرر کیا گیا تھا۔

ذرائع نے بتایا کہ رواں برس پنجاب ضرورت سے 86 لاکھ ٹن زیادہ گندم پیدا کرے گا اور پاکستان میں مجموعی کھپت سے 18 لاکھ ٹن زیادہ گندم پیدا ہوگی۔

مزید خبریں :