Time 06 مئی ، 2024
پاکستان

سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد سیاسی جماعتوں کو الاٹ مخصوص نشستیں متاثر ہونے کا امکان

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

مخصوص نشستوں کی الاٹمنٹ سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد ن لیگ ، پیپلزپارٹی، ایم کیوایم اور جے یو آئی کو الاٹ 77 مخصوص نشستیں متاثر ہونے کا امکان ہے۔

پیر کو سپریم کورٹ نے سنی اتحاد کونسل کی مخصوص نشستوں سے متعلق درخواست پر مخصوص نشستیں دوسری جماعتوں کو دینے کا پشاور ہائیکورٹ کا فیصلہ معطل کر دیا۔

سیاسی جماعتوں کو قومی و صوبائی اسمبلیوں کی77 مخصوص نشستیں اضافی الاٹ کی گئیں۔

تاہم سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد قومی اسمبلی کی 23 مخصوص نشستوں پر ارکان کی نشستیں متاثر ہوسکتی ہیں جبکہ قومی اسمبلی میں خواتین کی 20 اور اقلیتوں کی 3 مخصوص نشستیں متاثر ہونے کا امکان ہے۔

قومی اسمبلی میں پنجاب سے خواتین کی 12،کے پی سے 8 نشستیں، پنجاب اسمبلی میں 27 مخصوص نشستیں، پنجاب اسمبلی میں خواتین کی 24، اقلیتی 3 نشستیں متاثر ہونے کا امکان ہے۔

اس کے علاوہ خیبرپختونخوا اسمبلی میں 25 مخصوص نشستیں،  خواتین کی 21، اقلیتی 4 نشستیں متاثر ہونے کا امکان ہے۔

سندھ اسمبلی میں بھی 2 نشستوں پر ارکان کی رکنیت متاثر ہوسکتی ہے۔

واضح رہے کہ قومی اسمبلی میں ن لیگ، پیپلزپارٹی اور جے یوآئی ایف کو 23 اضافی نشستیں دی گئیں۔

مسلم لیگ ن کو قومی اسمبلی میں15 مخصوص نشستیں اضافی الاٹ کی گئیں، ن لیگ کو خواتین کی14، اقلیتی ایک مخصوص نشست اضافی دی گئی۔

قومی اسمبلی میں پیپلزپارٹی کو 5 اضافی نشستیں الاٹ کی گئیں، پی پی کو قومی اسمبلی میں خواتین کی 2 اور اقلیتی ایک نشست اضافی دی گئی۔

اس کے علاوہ جے یوآئی کو قومی اسمبلی میں 3 اضافی مخصوص نشستیں الاٹ کی گئیں۔ جے یوآئی کو خواتین کی 2، اقلیتی ایک مخصوص نشست اضافی الاٹ کی گئی۔

مزید خبریں :