فیکٹ چیک: کیوی کرکٹر مارک چیپ مین سے منسوب پاکستان کرکٹ ٹیم کے متعلق جھوٹا بیان

مین آف دی میچ قرار پانے والےمارک چیپ مین نے تقریب میں ایک منٹ سے زیادہ بات کی لیکن انہوں نے سوشل میڈیا پر ان سے منسوب آرمی کیمپ یا پاکستان کرکٹ ٹیم کے حوالے سے کوئی بات نہیں کی۔

پاکستانی سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے گرافکس میں مبینہ طور پر نیوزی لینڈ کے کرکٹ کھلاڑی مارک چیپ مین سے منسوب ایک بیان دکھایا گیا ہے، جس میں کاکول میں فوجی کیمپ میں ٹریننگ کےلئے جانے والے پاکستانی کھلاڑیوں کا مذاق اڑایا گیا ہے۔

دعویٰ جھوٹا ہے۔ چیپ مین نے ایسی کوئی بات نہیں کی۔

دعویٰ

21 اپریل کو ایکس، جسے پہلے ٹوئٹر کے نام سے جانا جاتا تھا، پر ایک صارف نے دعویٰ کیا کہ نیوزی لینڈ کے کھلاڑی مارک چیپ مین نے میچ کے بعد کی تقریب میں بات کرتے ہوئے پاکستان کی کرکٹ ٹیم پر طنز کرتے ہوئے کہاکہ ”ہم نے کوئی فوجی سطح کی تربیت نہیں کی… ہمارے اسکول کے امتحانات ختم ہوئے ہیں اور اب یہاں ہم گرمیوں کی چھٹیوں میں کھیلنے آئے ہیں۔“

اس پوسٹ کو اب تک 30 ہزار سے زائد مرتبہ دیکھا اور 2 ہزار سے زائد بار لائک کیا گیا ہے۔

چیپ مین کی تصویر اور مبینہ بیان پر مشتمل ایک گرافک یہاں، یہاں اور یہاں بھی شیئر کیا گیا۔

حقیقت

نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیم کے 14 سے 27 اپریل تک پاکستان کے دورے کے دوران ہانگ کانگ میں پیدا ہونے والے نیوزی لینڈ کے کرکٹر مارک چیپ مین نے میڈیا پر ایسا کوئی بیان نہیں دیا۔

مارک چیپ مین کی آن لائن گردش کرنے والی تصویر 21 اپریل کو میچ کے بعد کی تقریب کے دوران لی گئی تھی۔ تقریب کو پاکستان کرکٹ بورڈ کے یوٹیوب چینل پر بھی براہ راست نشر کیا گیا۔

اس دن مین آف دی میچ قرار پانے والےمارک چیپ مین نے ایک منٹ سے زیادہ بات کی۔ انہوں نے ان سے منسوب سوشل میڈیا پر آرمی کیمپ یا پاکستان کرکٹ ٹیم کے حوالے سےکوئی بیان نہیں دیا۔

ان کی میچ کے بعد کی تقریب میں گفتگو یہاں دیکھی جا سکتی ہے۔

ہمیں@GeoFactCheckپر فالو کریں۔

اگرآپ کو کسی بھی قسم کی غلطی کا پتہ چلے تو [email protected] پر ہم سے رابطہ کریں۔