10 مئی ، 2024
اسلام آباد: اگلے طویل مدتی قرض پروگرام کے پہلے مرحلے کیلئے عالمی مالیاتی ادارے ( آئی ایم ایف ) کی معاون ٹیم پاکستان پہنچ گئی۔
ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف سے اگلے طویل مدتی قرض پروگرام پر مذاکرات کے پہلے مرحلے کے طور پر آئی ایم ایف کی معاون ٹیم پاکستان پہنچی ہے، آئی ایم ایف معاون ٹیم قرض کے سلسلے میں معاشی ٹیم کے ساتھ بات چیت کرے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مذاکرات کے لیے آئی ایم ایف مشن کے کچھ ممبران پاکستان پہنچ گئے ہیں جب کہ آئی ایم ایف کے سربراہی مشن کا 16 مئی کی رات پاکستان پہنچنے کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق معاون ٹیم مختلف محکموں سے ڈیٹا حاصل کرے گی اور وزارت خزانہ حکام سے مل کر بجٹ پر بھی کام کیا جائے گا۔
ذرائع کا مزید بتانا ہے کہ آئی ایم ایف کا مشن 10 روز سے زائد پاکستان میں قیام کرے گا۔