فیکٹ چیک: کیا ویڈیو میں عمران خان گندم کی فصل کا معائنہ کر رہے ہیں؟

سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں نظر آنے والا شخص عمران خان نہیں بلکہ خیبرپختونخوا کے ضلع صوابی سے تعلق رکھنے والا ایک ٹِک ٹاکر نعیم اللہ ہے۔

سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں نظر آنے والا شخص عمران خان نہیں بلکہ خیبرپختونخوا کے ضلع صوابی سے تعلق رکھنے والا ایک ٹِک ٹاکر نعیم اللہ ہے۔

کسانوں کے حال ہی میں جاری احتجاجی مظاہروں کے دوران آن لائن گردش کرنے والی ایک ویڈیو اس جھوٹے دعوے کے ساتھ شیئر کی جا رہی ہے کہ سابق وزیر اعظم عمران خان اپنے دور  حکومت میں گندم کے کھیتوں کا خود معائنہ کیا کرتے تھے۔ سوشل میڈیا کے دعووں کے برعکس اس وائرل ویڈیو میں نظر آنے والا شخص عمران خان نہیں ہے۔

دعویٰ

4 مئی کو ایک فیس بک صارف نے 24 سیکنڈز کی ایک ویڈیو شیئر کی جس میں مبینہ طور  پر عمران خان سے مشابہت رکھنے والے ایک شخص کو گندم کےکھیتوں سےگزرتے ہوئے دکھایا گیا تھا۔ اس کلپ کو  اس کیپشن کے ساتھ پوسٹ کیا گیا کہ ایک وقت تھا جب  ملک کا  وزیر اعظم خود  جا کر کسانوں کی فصلوں کا معائنہ کیا کرتا  تھا اور کسانوں کو ان کی محنت کا صلہ ملتا تھا۔

اس نیوز  آرٹیکل کے شائع ہونے تک اس پوسٹ کو 800 سے زائد مرتبہ دیکھا گیا، 158مرتبہ لائیک اور 14مرتبہ شیئر کیا گیا۔

اسی طرح کے دعوے یہاں  اور  یہاں بھی شیئر کیےگئے۔

حقیقت

سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو عمران خان کی نہیں بلکہ خیبرپختونخوا کے ضلع صوابی سے تعلق رکھنے والے ایک ٹِک ٹاکر نعیم اللہ کی ہے۔ نعیم اللہ نے یہ ویڈیو 2 مئی کو  اپنے ذاتی ٹِک ٹاک اکاؤنٹ پر اپ لوڈ کی تھی۔

جیو فیکٹ چیک کو انٹرویو دیتے ہوئے نعیم اللہ نے انکشاف کیا کہ انہوں نے جیو ٹیلی ویژن پر آن ائیر ہونے والے طنز و مزاح پر مشتمل ایک سابقہ پروگرام ”بنانا نیوز نیٹ ورک (BNN)“سے متاثر  ہو کر عمران خان کی نقالی شروع کی۔

ہمیں@GeoFactCheck پر فالو کریں۔

اگرآپ کو کسی بھی قسم کی غلطی کا پتہ چلے تو [email protected] پر ہم سے رابطہ کریں۔