Time 14 مئی ، 2024
سائنس و ٹیکنالوجی

ٹک ٹاک کی جانب سے چیٹ جی پی ٹی پر مبنی سرچ ٹول کی آزمائش

ایک رپورٹ میں اس بارے میں بتایا گیا / فائل فوٹو
ایک رپورٹ میں اس بارے میں بتایا گیا / فائل فوٹو

ٹک ٹاک کی جانب سے آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ٹیکنالوجی کو سرچ انجن کا حصہ بنانے پر کام کیا جا رہا ہے۔

ایک رپورٹ کے مطابق سوشل میڈیا ایپ کی جانب سے اپنے سرچ انجن کے لیے اے آئی اسمارٹ ٹول کی آزمائش کی جا رہی ہے۔

اس ٹول میں سرچ رزلٹس کے لیے چیٹ جی پی ٹی کی مدد لی جائے گی۔

ٹک ٹاک نے بتایا کہ یہ اے آئی ٹول اس مواد کو دکھائے گا جو ایپ کے الگورتھم کے خیال میں آپ کی سرچ سے جڑا ہوا ہوسکتا ہے۔

اس سے قبل ٹک ٹاک کی جانب سے ایک اور فیچر کی آزمائش بھی کی جا رہی تھی جس کے دوران مخصوص چیزوں کو سرچ کرنے پر سرچ رزلٹس کے اوپر ان کے حوالے سے سمری نظر آئے گی اور اس کے لیے بھی اے آئی ٹیکنالوجی کی مدد لی جائے گی۔

اس فیچر کو اے آئی سرچ ہائی لائٹس کا نام دیا جائے گا۔

ابھی یہ واضح نہیں کہ یہ دونوں فیچرز کب تک تمام صارفین کے لیے دستیاب ہوں گے۔

ٹک ٹاک کی جانب سے کافی عرصے سے اپنے سرچ انجن کو بہتر بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے تاکہ وہ گوگل سرچ کا مقابلہ کرسکے۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں ٹک ٹاک نے اعلان کیا تھا کہ ویڈیو شیئرنگ ایپ میں اے آئی سے تیار کردہ تمام مواد پر لیبل لگائے جائیں گے تاکہ صارفین کو علم ہو سکے کہ وہ حقیقی نہیں بلکہ اے آئی ٹیکنالوجی سے تیار ویڈیو دیکھ رہے ہیں۔

مزید خبریں :