پاکستان

190 ملین پاؤنڈ اسکینڈل کیس: اسلام آباد ہائیکورٹ نے عمران خان کی ضمانت منظور کرلی

اسلام آباد ہائی کورٹ نے  بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کی 190 ملین پاؤنڈ اسکینڈل کیس میں ضمانت منظور کرلی۔

عدالت عالیہ نے بانی پی ٹی آئی کو 190 ملین پاؤنڈ نیب کیس میں ضمانت پر رہا کرنےکا حکم جاری کردیا۔

اسلام آباد ہائی کورٹ  کے چیف جسٹس عامر فاروق اور  جسٹس طارق محمود جہانگیری  نے گزشتہ روز فیصلہ محفوظ کیا تھا جو کہ آج سنایا گیا ہے۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے فریقین کی جانب  سے دلائل مکمل ہونے پر فیصلہ محفوظ کیا تھا۔

عدالت نے مختصر  زبانی فیصلہ کھلی عدالت میں سنایا، عدالت نے عمران خان کو 10 لاکھ روپےکے مچلکے جمع کرانےکا حکم دیا۔

بعد ازاں عدالت نے  ضمانت منظوری کا تحریری فیصلہ بھی جاری کردیا۔

تحریری فیصلے میں کہا گیا کہ نیب نے اعتراف کیاکہ تحقیقات مکمل ہیں، ملزم کو مزید قید  رکھنے سے  فائدہ   نہیں ہوگا،  نیب  پراسیکیوٹر کے مطابق  بانی پی ٹی آئی ریکارڈ ٹیمپرنگ  یا  ٹرائل پر اثر انداز ہونےکی کوشش کرسکتے ہیں، نیب کے ان تحفظات سے متعلق ریکارڈ پر کوئی جواز موجود نہیں ہے۔

فیصلے میں کہا گیا کہ  عمران خان کی ضمانت کی درخواست منظورکی جاتی ہے،عمران خان 10 لاکھ روپے کے مچلکے ٹرائل کورٹ میں جمع کرائیں، ریفرنس سے متعلق عدالتی آبزرویشنز عبوری نوعیت کی ہیں، ٹرائل  پر اثر انداز نہیں ہوں گی۔

خیال رہےکہ  بانی پی ٹی آئی اڈیالہ جیل میں قید ہیں، وہ  سائفر اور عدت کیس میں سزا معطلی تک رہا نہیں ہوسکتے۔

مزید خبریں :