17 مئی ، 2024
جولائی 2023 میں ٹوئٹر کا نام تبدیل کرکے ایکس رکھا گیا تھا جبکہ برڈ لوگو کو بھی بدلا گیا تھا۔
اب یہ سوشل میڈیا نیٹ ورک جسے پہلے ٹوئٹر کہا جاتا تھا، نے اپنا ویب یو آر ایل بھی باضابطہ طور پر تبدیل کر دیا ہے۔
یعنی ٹوئٹر ڈاٹ کام کی بجائے اسے ایکس ڈاٹ کام کر دیا گیا ہے۔
اب اگر آپ ٹوئٹر ڈاٹ کام لکھ کر انٹر کا بٹن دبائیں گے تو ویب براؤزر آپ کو ایکس ڈاٹ کام کی جانب ری ڈائریکٹ کردے گا۔
ایسا کرنے پر ایکس لاگ ان پیج کے نیچے ایک میسج بھی لکھا نظر آئے گا، جس پر صارفین کو یو آر ایل میں تبدیلی سے آگاہ کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی جائے گی کہ ان کی پرائیویسی اور ڈیٹا پروٹیکشن سیٹنگز میں کوئی تبدیلی نہیں آئے گی۔
اس سے پہلے ایلون مسک کی زیر ملکیت سوشل میڈیا پلیٹ فارم کے آفیشل اکاؤنٹ، موبائل ایپس، ایکس پریمیئم سبسکرپشن، نام اور لوگو کو تبدیل کیا گیا تھا مگر ٹوئٹر ڈاٹ کام کو برقرار رکھا گیا ہے۔
یعنی اب یو آر ایل کو تبدیل کرنے سے کمپنی کو ری برانڈ کرنے کا عمل لگ بھگ مکمل ہوگیا ہے۔
یو آر ایل کو ٹوئٹر سے ایکس ڈاٹ کام میں تبدیل کرنے کا عمل اگست 2023 سے جاری تھا۔
ایلون مسک نے 17 مئی کو ایک ایکس پوسٹ میں اعلان کیا کہ تمام بنیادی سسٹمز اب ایکس ڈاٹ کام پر منتقل کر دیے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ اکتوبر 2022 میں ٹوئٹر کو خریدنے کے بعد ایلون مسک نے اس پلیٹ فارم میں متعدد تبدیلیاں کی ہیں۔
ایلون مسک کو ہمیشہ سے ایکس نام پسند رہا ہے اور وہ کافی عرصے سے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم کو ایک سپر ایپ میں بدلنے کی خواہش ظاہر کر رہے ہیں۔